جعلی خبروں کو بند کریں، ڈائیٹ کوک پئیں: ٹرمپ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-07-2026
جعلی خبروں کو بند کریں، ڈائیٹ کوک  پئیں: ٹرمپ
جعلی خبروں کو بند کریں، ڈائیٹ کوک پئیں: ٹرمپ

 



واشنگٹن
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تیار کردہ ایک نئی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں انہوں نے خود کو ایک ڈاکٹر کے روپ میں پیش کیا ہے۔ ویڈیو میں وہ ایک ایسے عارضے کا علاج تجویز کرتے نظر آتے ہیں، جسے وہ "ٹرمپ ڈیرینجمنٹ سنڈروم" (ٹی ڈی ایس) کا نام دیتے ہیں۔ ٹرمپ اپنے ناقدین اور سیاسی مخالفین کے لیے اکثر اس اصطلاح کا استعمال کرتے رہے ہیں۔
ریپبلکن رہنما نے ٹروتھ سوشل پر 90 سیکنڈ کی اس ویڈیو کو شیئر کیا، جو ان کی حکومت کی کامیابیوں اور قطر سے حاصل کیے گئے نئے صدارتی طیارے سے متعلق دو سرکاری ویڈیوز کے درمیان پوسٹ کی گئی۔ اس ڈیپ فیک ویڈیو میں امریکی صدر سفید کوٹ پہنے ہوئے "ڈاکٹر ٹرمپ" کے طور پر خود کو متعارف کراتے ہیں اور ایک طنزیہ انداز میں نفسیاتی عارضے کے مبینہ علاج کی وضاحت کرتے ہیں۔
ویڈیو کے آغاز میں ٹرمپ کی ڈیجیٹل شبیہ کہتی ہے کہ کیا آپ یا آپ کے کسی جاننے والے کو ٹی ڈی ایس کی تشخیص ہوئی ہے؟ اس کی علامات بہت شدید ہو سکتی ہیں۔ خوش قسمتی سے، میں ڈاکٹر ٹرمپ ہوں اور میرے پاس اس کا علاج موجود ہے۔ آئیے، میرے کچھ مریضوں کی رائے سنتے ہیں۔
اس کے بعد ویڈیو میں کئی معروف شخصیات کی مصنوعی تصاویر شامل کی گئی ہیں، جو ماضی میں ٹرمپ کی پالیسیوں کی مخالفت کرتی رہی ہیں۔ ان میں ٹی وی میزبان ووپی گولڈ برگ اور روزی او ڈونیل کے علاوہ ہالی ووڈ اداکار رابرٹ ڈی نیرو، جولیا رابرٹس، ایڈورڈ نورٹن اور جان لیگویزامو شامل ہیں، جنہیں اس فرضی علاج کی تعریف کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ویڈیو میں ایک مصنوعی کردار، جو خود کو اس بیماری سے صحت یاب ہونے والا مریض قرار دیتا ہے، کہتا ہے: "میں ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے اس کا شکار تھا، لیکن ڈاکٹر ٹرمپ کی باتیں سننے کے بعد مجھے بہتری محسوس ہونے لگی ہے۔ میں کئی سالوں سے اس تکلیف میں مبتلا تھا۔"
ویڈیو کے اختتام پر ٹرمپ کا مصنوعی کردار اپنا "علاج" تجویز کرتے ہوئے کہتا ہے: "علاج بہت آسان ہے۔ جعلی خبروں سے دور رہیں، دعائیں کریں، اور اگر کبھی پریشانی محسوس ہو تو میری طرح ایک ڈائٹ کوک پی لیں، آپ اپنی زندگی میں حیرت انگیز تبدیلی دیکھیں گے۔"
یہ تازہ ویڈیو ان متعدد مصنوعی تصاویر اور ویڈیوز کی فہرست میں ایک اور اضافہ ہے، جنہیں امریکی صدر گزشتہ چند ماہ کے دوران آن لائن شیئر کرتے رہے ہیں۔ ان میں سے کئی پوسٹس پر عوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا، خاص طور پر ایک ترمیم شدہ تصویر پر، جس میں امریکی صدر کو پوپ لیو چہار دہم کے ساتھ دکھایا گیا تھا، جب دونوں کے درمیان عوامی سطح پر اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
عوامی تنقید کے بعد مذکورہ تصویر کو پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا تھا، تاہم بعد میں امریکی صدر نے ایک اور مصنوعی تصویر شیئر کی، جس میں انہیں مذہبی رہنما کے ساتھ امریکی پرچم کے پس منظر میں گلے ملتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔