واشنگٹن
امریکہ کی قومی انٹیلی جنس ڈائریکٹر تلسی گیبارڈ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے شوہر کی سنگین بیماری کو اس فیصلے کی وجہ قرار دیا ہے۔ تلسی گیبارڈ کا استعفیٰ 30 جون 2026 سے مؤثر ہوگا۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک جذباتی پیغام میں تلسی گیبارڈ نے بتایا کہ ان کے شوہر ابراہم ولیمز میں حال ہی میں ہڈیوں کے ایک نایاب قسم کے سرطان کی تشخیص ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں انہیں اپنی سرکاری ذمہ داریوں سے پیچھے ہٹ کر اپنے شوہر کے ساتھ رہنا ہوگا۔
تلسی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ان کا خاندان اس وقت ایک کڑے امتحان سے گزر رہا ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ اپنے شوہر کے علاج اور ذہنی و جذباتی تعاون کے لیے مکمل طور پر ان کے ساتھ موجود رہیں۔ان کے استعفے کے اعلان کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ردِعمل ظاہر کیا۔ ٹرمپ نے تلسی گیبارڈ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتظامیہ میں شاندار کردار ادا کیا ہے اور ان کی کمی محسوس کی جائے گی۔
ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں ابراہم ولیمز کی جلد صحت یابی پر مکمل یقین ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ تلسی گیبارڈ کے عہدہ چھوڑنے کے بعد موجودہ نائب ڈائریکٹر آرون لوکاس کو قومی انٹیلی جنس ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔
تلسی گیبارڈ کا سیاسی سفر امریکی سیاست میں ہمیشہ توجہ کا مرکز رہا ہے۔ وہ پہلے ڈیموکریٹک پارٹی کی نمایاں رہنماؤں میں شامل تھیں، تاہم 2022 میں انہوں نے پارٹی چھوڑ دی تھی۔ بعد ازاں 2024 کے صدارتی انتخابات کے دوران وہ ریپبلکن پارٹی کے قریب آ گئیں اور ڈونلڈ ٹرمپ کی کھل کر حمایت کی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد تلسی گیبارڈ کو قومی انٹیلی جنس ڈائریکٹر کے اہم عہدے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ سابق فوجی افسر رہنے والی تلسی گیبارڈ اپنی دوٹوک رائے اور بے باک بیانات کے لیے جانی جاتی ہیں۔ڈیموکریٹک پارٹی میں رہتے ہوئے انہوں نے متعدد بار امریکی خارجہ پالیسی پر تنقید کی تھی۔ انہوں نے ایران پر ممکنہ امریکی حملے کی مخالفت کی تھی اور روس۔یوکرین جنگ کے حوالے سے اُس وقت کے صدر جو بائیڈن اور نیٹو کی پالیسیوں پر بھی سوالات اٹھائے تھے۔
ایک پرانے انٹرویو میں تلسی گیبارڈ نے کہا تھا کہ اگر امریکہ اور نیٹو روس کے سکیورٹی خدشات کو سنجیدگی سے لیتے تو یوکرین جنگ سے بچا جا سکتا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تلسی گیبارڈ انتظامیہ کے بعض فوجی آپریشنز کے حوالے سے بھی اختلافِ رائے رکھتی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ جنوری میں نکولس مادورو سے متعلق مبینہ کارروائی اور فروری میں ایران میں امریکی فوجی آپریشن کی حامی نہیں تھیں۔
تلسی گیبارڈ کے استعفے کو امریکی سیاست اور قومی سلامتی کے نظام میں ایک بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان کے جانے سے ٹرمپ انتظامیہ کی قومی سلامتی کی پالیسی پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
فی الحال امریکی سیاسی حلقوں میں تلسی گیبارڈ کے اس فیصلے پر وسیع پیمانے پر بحث جاری ہے۔