نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مبینہ بھتہ خوری کے الزام میں ملوث تین پولیس افسران کو دی گئی قبل از گرفتاری ضمانت (انٹیسیپیٹری بیل) منسوخ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب قانون نافذ کرنے والے ہی بھتہ خور بن جائیں تو شہری ان پر شک کرنے لگتا ہے اور شدید مخمصے کا شکار ہو جاتا ہے۔
جسٹس سنجے کمار اور جسٹس کے ونود چندرن پر مشتمل بنچ نے بمبئی ہائی کورٹ کے حکم کو ’’مختصر اور غیر تسلی بخش‘‘ قرار دیتے ہوئے کالعدم کر دیا۔ عدالتِ عظمیٰ نے اپنے مشاہدے میں کہا، ’’جب قانون نافذ کرنے والے افراد بھتہ خور بن جائیں تو شہری بے یقینی کا شکار ہو جاتا ہے۔ اگر وہ مزاحمت کرے تو فوری انتقامی کارروائی کا خطرہ ہوتا ہے، اس لیے اکثر لوگ وردی میں موجود اختیار کے سامنے خاموشی سے جھکنے پر مجبور ہو جاتے ہیں، چاہے اختیار کا کھلا ناجائز استعمال ہی کیوں نہ ہو رہا ہو۔‘
‘ معاملے کے مطابق شکایت کنندہ اپنی بیٹی کے ساتھ ممبئی سے ہاپا دورونتو ایکسپریس کے ذریعے سفر کر رہا تھا، جبکہ اس کا بہنوئی اسے رخصت کرنے ریلوے اسٹیشن آیا تھا۔ اسی دوران ریلوے اسٹیشن پر تعینات تخریب کاری کی روک تھام کے دستے کے پولیس اہلکاروں نے تینوں کو روک لیا۔ تلاشی کے دوران شکایت کنندہ کے سامان سے 14 گرام سونے کی ایک سلاخ اور 31 ہزار 900 روپے نقد برآمد ہوئے۔
الزام ہے کہ تسلی بخش وضاحت دینے کے باوجود پولیس اہلکار انہیں ایک قریبی کمرے میں لے گئے، جہاں انہیں دھمکایا گیا، گالیاں دی گئیں اور سونے کی سلاخ واپس کرنے کے بدلے نقد رقم دینے پر مجبور کیا گیا۔ بعد ازاں شکایت کنندہ نے ایف آئی آر درج کرائی، جس کے بعد سیشن عدالت نے ملزم پولیس افسران کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
تاہم بمبئی ہائی کورٹ نے تفتیش کے دوران حاصل کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے کے بعد تینوں افسران کو ضمانت دے دی تھی۔ ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ ملزمان شناختی کارڈ پہنے ہوئے تھے، جبکہ شکایت کنندہ اور اس کی بیٹی فوٹیج میں پریشان دکھائی نہیں دیتے تھے۔ عدالت نے ایف آئی آر درج کرانے میں تاخیر اور ملزمان کی بے داغ سروس ریکارڈ کو بھی مدنظر رکھا تھا۔
سپریم کورٹ نے اس مؤقف سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں چہروں کے تاثرات واضح نہیں تھے، لیکن پریشانی کی کئی واضح علامات موجود تھیں جنہیں ہائی کورٹ نے حیران کن طور پر نظر انداز کر دیا۔ عدالت نے کہا، ’’ہمیں حیرت ہے کہ ہائی کورٹ نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ان افراد میں پریشانی کے کوئی آثار نہیں تھے، جبکہ فوٹیج میں ان کے چہرے واضح ہی نہیں تھے۔
ہم نے دیکھا کہ دونوں بالغ افراد آگے بڑھ رہے تھے، جن میں سے ایک بے چینی کے عالم میں ہاتھوں سے اشارے کر رہا تھا، جبکہ بچی پیچھے رہ گئی تھی۔ یہ صورتحال واضح طور پر ذہنی دباؤ اور پریشانی کی نشاندہی کرتی ہے۔‘‘ سپریم کورٹ نے انہی مشاہدات کی بنیاد پر تینوں پولیس افسران کی قبل از گرفتاری ضمانت منسوخ کر دی۔