واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کو اب بھی عوامی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ جنگ کے پانچویں ماہ میں داخل ہونے اور امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں میں اضافے کے بعد ملک کے اندر مخالفت بڑھ رہی ہے۔
بدھ کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ عوام اب بھی فوجی کارروائی کے حق میں ہیں اور ملک کے اندر تشویش کی اصل وجہ جنگ نہیں بلکہ پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں۔
ایران کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا۔"انہیں بہت بڑی قیمت چکانی پڑے گی۔ وہ بری طرح تباہ ہو رہے ہیں۔"جب ان سے پوچھا گیا کہ امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں میں اضافے کے باوجود کیا امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائیوں کو عوام کی حمایت حاصل ہے تو انہوں نے جواب دیا۔"امریکی جنگ کے خلاف نہیں ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا۔"امریکی زیادہ پٹرول کی قیمتیں نہیں چاہتے لیکن وہ جنگ کے خلاف بھی نہیں ہیں۔ ایک نئے سروے میں یہ بات واضح طور پر سامنے آئی ہے۔"تاہم انہوں نے اس سروے کا نام نہیں بتایا۔ٹرمپ کا یہ بیان ایران کے خلاف حالیہ سخت انتباہ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر ایران کی جانب سے حملہ کیا گیا تو امریکہ ہر ایسے حملے کے جواب میں ایران کے ایک پل یا ایک بجلی گھر کو نشانہ بنائے گا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا۔"جب بھی اسلامی جمہوریہ ایران آبنائے ہرمز میں کسی جہاز پر میزائل۔ راکٹ۔ ڈرون یا کسی بھی دوسرے ہتھیار سے حملہ کرے گا تو امریکہ ایک پل یا ایک بجلی گھر کو بمباری کر کے تباہ کر دے گا۔"
منگل کے روز ٹرمپ نے یہ اشارہ بھی دیا کہ امریکہ فوری طور پر اپنی فوجی کارروائیاں ختم کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔انہوں نے کہا۔
"ہم ابھی بالکل ختم نہیں ہوئے ہیں۔ ہم اس وقت واپس نہیں جا رہے۔"آبنائے ہرمز کے اطراف کشیدگی اس وقت مزید بڑھ گئی ہے جب ایران نے تجارتی جہازوں کے خلاف دوبارہ بحری ناکہ بندی شروع کی جس سے عالمی سطح پر تیل کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔ اس صورتحال کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور امریکہ میں ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے وائٹ ہاؤس پر معاشی دباؤ بھی بڑھا دیا ہے۔
ادھر ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نے بدھ کے روز رپورٹ کیا کہ آبنائے ہرمز کے قریب واقع لارک جزیرے پر ایک امریکی میزائل گرا۔ تہران کے حکام کے مطابق نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔اگرچہ ٹرمپ نے عوامی حمایت کا دعویٰ کیا ہے لیکن حالیہ رائے عامہ کے کئی سروے اس طویل جنگ کے بارے میں امریکی عوام میں کم ہوتی حمایت کی نشاندہی کرتے ہیں جن میں ان کے اپنے حامیوں کا ایک طبقہ بھی شامل ہے۔ ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کس سروے کا حوالہ دے رہے تھے۔
متعدد سروے عوامی مخالفت ظاہر کرتے ہیں۔ اکنامسٹ اور یوگوو کے ایک سروے کے مطابق 55 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ امریکہ کو ایران پر حملے بند کر دینے چاہئیں جبکہ صرف 27 فیصد افراد مزید کارروائیوں کے حق میں ہیں۔اسی طرح واشنگٹن پوسٹ اور ایپسوس کے ایک سروے میں 68 فیصد امریکیوں نے کہا کہ یہ جنگ لڑنے کے قابل نہیں ہے۔ این پی آر اور میریسٹ کالج کے ایک الگ سروے میں 56 فیصد افراد نے فوجی کارروائی کی مخالفت کی۔
اس فوجی مہم پر بھاری مالی لاگت بھی آ رہی ہے۔ امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے اس ہفتے بتایا کہ اس کارروائی پر اب تک 37.5 ارب امریکی ڈالر خرچ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے ہنگامی فوجی اخراجات کے لیے مزید اربوں ڈالر کی منظوری کی حکومتی درخواست کا بھی دفاع کیا۔صدر ٹرمپ کے سخت بیانات کے باوجود امریکی حکومت کے اعلیٰ سفارت کار اب بھی سفارتی حل کی بات کر رہے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے منیلا میں کہا کہ واشنگٹن اب بھی تہران کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل چاہتا ہے لیکن انہیں ایران کی سنجیدگی پر شبہ ہے۔
روبیو نے کہا۔"ہم اب بھی مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کا حل نکالنے کے لیے تیار ہیں۔ لیکن اس وقت ایسا نہیں لگتا کہ ایران اس حوالے سے سنجیدہ ہے۔"