واشنگٹن
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز کہا کہ انہوں نے والٹر ریڈ ملٹری میڈیکل سینٹر میں اپنا چھ ماہ بعد ہونے والا طبی معائنہ مکمل کر لیا ہے اور تمام نتائج "مکمل طور پر بہترین" آئے ہیں۔ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا طبی معائنہ بخوبی مکمل ہوا اور ان کی صحت تسلی بخش ہے۔
انہوں نے لکھا کہ میں نے ابھی والٹر ریڈ ملٹری میڈیکل سینٹر میں اپنا چھ ماہ کا طبی معائنہ مکمل کیا ہے۔ ہر چیز بالکل درست اور بہترین نکلی۔ عظیم ڈاکٹروں اور عملے کا شکریہ! اب میں واپس وائٹ ہاؤس جا رہا ہوں۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال صدر کے عہدے کا حلف اٹھانے والے معمر ترین امریکی صدر بننے کے بعد یہ ٹرمپ کا والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر کا تیسرا طبی دورہ تھا۔
وائٹ ہاؤس کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا کہ اس معائنے میں معمول کے سالانہ طبی اور دندان سازی کے جائزے بھی شامل تھے، حالانکہ ٹرمپ اس سال دو مرتبہ فلوریڈا میں دانتوں کے ڈاکٹر سے بھی مل چکے ہیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال جولائی میں 79 سالہ ٹرمپ میں دائمی وریدی ناکافی کارکردگی نامی ایک عام اور غیر خطرناک بیماری کی تشخیص ہوئی تھی، جب انہوں نے اپنی ٹانگوں میں سوجن محسوس کی تھی۔
وائٹ ہاؤس واپسی کے بعد ٹرمپ کو کئی مرتبہ بعض ظاہری جسمانی علامات کے ساتھ بھی دیکھا گیا ہے۔سی این این کے مطابق وائٹ ہاؤس نے وضاحت کی کہ گزشتہ موسم گرما میں ان کے ٹخنوں میں نظر آنے والی سوجن عمر سے متعلق ایک عام مسئلہ، یعنی دائمی وریدی ناکافی کارکردگی، کی وجہ سے تھی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ٹرمپ کے ہاتھوں پر نظر آنے والے نیل، جنہیں اکثر میک اپ سے ڈھانپا جاتا ہے، اس وجہ سے ہوتے ہیں کہ وہ اسپرین کی نسبتاً زیادہ مقدار استعمال کرتے ہیں اور بہت زیادہ لوگوں سے مصافحہ کرتے ہیں۔وائٹ ہاؤس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملاقاتوں کے دوران ٹرمپ کی بھاری پلکیں یا آنکھوں کا زیادہ دیر بند رہنا دراصل صرف طویل جھپکیاں ہوتی ہیں۔
ٹرمپ کا یہ تازہ طبی معائنہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب وہ گزشتہ اکتوبر میں بھی والٹر ریڈ میڈیکل سینٹر گئے تھے اور صحافیوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے ایم آر آئی کروائی ہے۔
تاہم بعد میں کئی ماہ گزرنے کے بعد حکام نے وضاحت کی کہ وہ دراصل سی ٹی اسکین تھا، جس کا مقصد کسی بھی ممکنہ قلبی بیماری کو مکمل طور پر خارج از امکان قرار دینا تھا۔
سی این این کے مطابق وائٹ ہاؤس کے معالج ڈاکٹر شان باربیبیلا نے ایک سال قبل ٹرمپ کے طبی معائنے کی رپورٹ میں ان کے "فعال طرزِ زندگی" اور گالف مقابلوں میں ان کی "مسلسل کامیابیوں" کی بھی تعریف کی تھی۔