ساؤتھ ڈکوٹا
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کے موقع پر ایک تاریخی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ورثہ صرف سیاسی کامیابیوں کی تاریخ نہیں بلکہ ایک بے مثال انسانی خدمت کا مشن ہے، جس نے دنیا کی سمت بدلنے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔
ماؤنٹ رش مور کی تاریخی چٹانوں سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انسانی تاریخ میں کسی بھی قوم نے امریکہ سے زیادہ انسانیت کی خدمت نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے دنیا بھر میں خیراتی امداد، بھوک کے خاتمے، بیماریوں کے علاج اور انسانی فلاح کے لیے سب سے زیادہ کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکیوں سے زیادہ کسی نے خیرات نہیں کی، بھوک کا خاتمہ نہیں کیا، بیماریوں کا علاج نہیں کیا اور نہ ہی انسانیت کی بہتری کے لیے اتنا کام کیا ہے، اور نہ ہی مستقبل میں کوئی ملک ایسا کر سکے گا۔امریکی عوام سے براہِ راست خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ خود انحصاری اور دوسروں کی مدد کا جذبہ ہی امریکی شناخت کی اصل بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی خود انحصاری پر یقین رکھتے ہیں۔ ہم کامیابی کو حسد کی نظر سے نہیں بلکہ عزت کی نظر سے دیکھتے ہیں، اور اسے محنت سے حاصل کرتے ہیں۔ ہم ایک نہایت اچھے، مہربان اور فیاض لوگ ہیں، جو ہمیشہ اپنے دوستوں اور پڑوسیوں کی مدد کے لیے تیار رہتے ہیں۔صدر ٹرمپ نے زور دے کر کہا کہ آزادی اور خودمختاری سے محبت امریکی شناخت کا بنیادی جزو ہے، اور یہ وہ قیمتی ورثہ ہے جس پر سورج کی روشنی کبھی غروب نہیں ہوئی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے ان آزادیوں کا بھی ذکر کیا جنہیں انہوں نے امریکی طرزِ زندگی کی بنیاد قرار دیا، جن میں آزادیٔ اظہار، مذہبی آزادی اور اسلحہ رکھنے کا حق شامل ہیں۔انہوں نے کہا، "آج رات ہمیں فخر کے ساتھ یہ کہنا چاہیے کہ امریکیوں کو منفرد اور غیر معمولی کیا بناتا ہے۔ ہم اپنے ملک کو اس کی شناخت واپس دلائیں گے۔ سب سے بڑھ کر، امریکی آزادی سے محبت کرتے ہیں۔ ہم اپنی خودمختاری کو عزیز رکھتے ہیں اور جانتے ہیں کہ ہم دنیا کی سب سے خوبصورت سرزمین، سب سے دلچسپ تاریخ اور سب سے قیمتی ورثے کے وارث ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا، "امریکہ میں ہمیں اپنی بات کہنے، اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے، اپنی پسند کے مطابق عبادت کرنے یا اسلحہ رکھنے کے لیے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔ گزشتہ چھ برسوں سے میں نے تقریباً تنہا ہی آپ کے دوسرے آئینی ترمیمی حق کا تحفظ کیا ہے، اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا۔ ہمارے حقوق ہمیں خدا نے عطا کیے ہیں، اور ان حقوق پر کوئی قدغن نہیں لگائی جا سکتی۔
صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں امریکہ کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کی ایک وسیع تصویر بھی پیش کی۔ انہوں نے نیاگرا آبشاروں سے لے کر نیویارک کے مالیاتی مراکز اور ڈکوٹا کی بلیک ہلز تک ملک کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فولاد سازی، آٹوموبائل صنعت اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ "امریکی آزادی آج بھی زندہ ہے" اور "امریکی خواب اب بھی قائم ہے۔
انہوں نے امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کو مستقبل کے ایک نئے دور کے آغاز سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی باب کا اختتام نہیں بلکہ "امریکہ کے سنہری دور" کا آغاز ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ کل ہم ایک ایسے سنگِ میل تک پہنچیں گے جس کی کوئی مثال نہیں۔ ہم خوشی اور فخر کے ساتھ جشن منائیں گے، کیونکہ ڈھائی صدیوں کے بعد ہم جانتے ہیں کہ یہ اختتام نہیں بلکہ امریکہ کے سنہری دور کا آغاز ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ ہم سب مل کر امریکہ کو پہلے سے زیادہ بڑا، بہتر اور طاقتور بنائیں گے۔ سب کو یومِ آزادی مبارک ہو۔ خدا آپ سب پر اور امریکہ پر اپنا کرم فرمائے۔"