جنگ بندی کے لئے ٹرمپ کی 15 شرائط

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-03-2026
جنگ بندی کے لئے ٹرمپ کی 15 شرائط
جنگ بندی کے لئے ٹرمپ کی 15 شرائط

 



یروشلم
اسرائیلی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ نے ایران کے سامنے موجودہ تنازع کے خاتمے کے لیے 15 شرائط پیش کی ہیں۔ اسرائیل کے چینل 12 نے ایک نامعلوم امریکی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ واشنگٹن نے یروشلم کو بھی ان مذاکرات سے آگاہ کیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یروشلم کو تشویش ہے کہ ٹرمپ اور ان کی ٹیم جنگ روکنے کے لیے ان شرائط پر زور دینے کے بجائے ایران کے ساتھ "فریم ورک معاہدہ" کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
متعدد ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ وائٹ ہاؤس کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر نے ایک ایسا طریقہ کار تیار کیا ہے جس میں ایک ماہ کی جنگ بندی کا اعلان شامل ہوگا، جس دوران دونوں فریق 15 نکاتی معاہدے پر مذاکرات کریں گے۔
رپورٹ میں 15 میں سے 14 اہم شرائط اور فوائد کی تفصیل دی گئی ہے جو امریکہ نے ایران کے سامنے رکھے ہیں
۔1 ایران کو اپنے موجودہ جوہری پروگرام کو ختم کرنا ہوگا۔
۔2 ایران کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ وہ کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔
۔3 ایران کی سرزمین پر یورینیم افزودگی نہیں ہوگی۔
۔4 ایران کو تقریباً 450 کلوگرام 60 فیصد افزودہ یورینیم بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے حوالے کرنا ہوگا، جس کا شیڈول طے کیا جائے گا۔
۔5 نطنز، اصفہان اور فردو کے جوہری مراکز کو ختم کرنا ہوگا۔
۔6 اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے  کو ایران میں مکمل رسائی، شفافیت اور نگرانی دی جائے گی۔
۔7 ایران کو اپنے علاقائی "پراکسی" نظام کو ختم کرنا ہوگا۔
۔8 ایران کو اپنے علاقائی اتحادی گروپوں کی مالی، عسکری اور تنظیمی مدد بند کرنا ہوگی۔
۔9 آبنائے ہرمز کو کھلا رکھا جائے گا اور اسے آزاد سمندری راستے کے طور پر برقرار رکھا جائے گا۔
۔10 ایران کے میزائل پروگرام کو حد اور تعداد دونوں لحاظ سے محدود کیا جائے گا، جس کی تفصیلات بعد میں طے ہوں گی۔
۔11 مستقبل میں میزائلوں کا استعمال صرف دفاعی مقاصد کے لیے محدود ہوگا۔
اس کے بدلے میں ایران کو درج ذیل فوائد حاصل ہو سکتے ہیں
۔12ایران پر عائد تمام بین الاقوامی پابندیاں ختم کر دی جائیں گی۔
۔13 امریکہ ایران کے سویلین جوہری پروگرام، بشمول بوشہر نیوکلیئر پلانٹ میں بجلی کی پیداوار، میں مدد کرے گا۔
۔14 "اسنیپ بیک" میکانزم، جس کے تحت خلاف ورزی کی صورت میں خودکار طور پر پابندیاں دوبارہ لگ جاتی ہیں، کو ختم کر دیا جائے گا۔
اسرائیل کے ایک اور اخبار ہارٹز کے مطابق یہ تجویز ایک ثالث ملک کے ذریعے ایران تک پہنچائی گئی ہے اور جواب دینے کے لیے وقت مقرر کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران نے امریکہ کو بتایا ہے کہ وہ اس پیشکش پر غور کرے گا، لیکن کچھ شرائط ایسی ہیں جنہیں وہ کبھی قبول نہیں کرے گا۔ اس کے ساتھ یہ بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ جلد ایک امن کانفرنس منعقد ہو سکتی ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور جنگ کے خاتمے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت مذاکرات میں ہیں۔ وہ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی بحریہ، فضائیہ اور مواصلاتی نظام تقریباً ختم ہو چکے ہیں۔ میرے خیال میں ہم اس جنگ کو ختم کر دیں گے۔ ہم جیت چکے ہیں۔ ہمارے طیارے تہران کے اوپر پرواز کر رہے ہیں اور وہ کچھ نہیں کر سکتے۔ وہ مکمل طور پر شکست کھا چکے ہیں۔
تاہم ایران کی جانب سے ٹرمپ کی اس پیشکش پر ابھی تک کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ ایران نے منگل کو امریکہ کے ساتھ کسی بھی مذاکرات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ امن اسی وقت ممکن ہے جب امریکہ اور اسرائیل اپنی فوجی کارروائیاں بند کریں۔