بنگلہ دیش میں پھر ہنگامہ، گلوکار جیمز کا کنسرٹ منسوخ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-12-2025
بنگلہ دیش میں  پھر  ہنگامہ، گلوکار جیمز کا کنسرٹ منسوخ
بنگلہ دیش میں پھر ہنگامہ، گلوکار جیمز کا کنسرٹ منسوخ

 



ڈھاکہ/ آواز دی وائس
بنگلہ دیش میں فنکاروں، پرفارمرز اور ثقافتی اداروں پر حملوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ تازہ واقعہ فرید پور کا ہے، جو ڈھاکہ سے تقریباً 120 کلومیٹر دور واقع ہے، جہاں مشہور گلوکار جیمز کا کنسرٹ تشدد کے باعث منسوخ کرنا پڑا۔
مقامی رپورٹس کے مطابق یہ پروگرام جمعہ کی رات 9 بجے ایک اسکول کی سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونا تھا، لیکن اس سے قبل ہی ایک گروہ نے زبردستی اندر گھسنے کی کوشش کی اور ہجوم پر اینٹ اور پتھر برسانا شروع کر دیے۔ عینی شاہدین کے مطابق طلبہ نے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا، مگر حالات قابو سے باہر ہونے پر مقامی انتظامیہ کی ہدایت پر کنسرٹ منسوخ کر دیا گیا۔
تسلیمہ نسرین کا سخت ردِعمل
معروف مصنفہ تسلیمہ نسرین نے اس واقعے پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ جہادیوں نے جیمز کو پرفارم نہیں کرنے دیا۔ انہوں نے اسے بنگلہ دیش میں فن اور ثقافت پر بڑھتے ہوئے حملوں کی ایک اور مثال قرار دیا۔
بنگلہ دیش میں تشدد کا سلسلہ برقرار
حالیہ دنوں میں بنگلہ دیش کی سڑکوں پر انتہا پسند اور پرتشدد اسلامی ہجوم کا اثر و رسوخ بڑھتا جا رہا ہے، جبکہ ریاستی مشینری پر آنکھیں بند کرنے کے الزامات لگ رہے ہیں۔ اسی ماحول میں فنکاروں، صحافیوں اور کئی میڈیا اداروں کو بھی حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
چھایانٹ اور اُدِچی بھی نشانے پر
اس سے قبل معروف ثقافتی اداروں چھایانٹ اور اُدِچی پر بھی حملے ہو چکے ہیں۔ فنکار اور ثقافتی تنظیمیں مسلسل دباؤ اور خطرات کا سامنا کر رہی ہیں۔
سڑکوں پر انتہا پسند ہجوم کا غلبہ
بنگلہ دیش کے کئی شہروں میں انتہا پسند ہجوم کھلے عام تشدد پر اُتر آیا ہے۔ فن، موسیقی اور ثقافتی پروگرام مسلسل نشانے پر ہیں۔ یہ الزامات بھی سامنے آ رہے ہیں کہ محمد یونس کی قیادت میں قائم عبوری حکومت ان ہجوم پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔ ناقدین کا دعویٰ ہے کہ تشدد اور آتش زنی کے یہ واقعات جان بوجھ کر بڑھائے جا رہے ہیں تاکہ فروری میں ہونے والے انتخابات کو مؤخر کیا جا سکے۔