بیروت
اتوار کے روز بیروت میں بڑی تعداد میں لوگ لبنان کی معروف ماحولیاتی کارکن مونا خلیل کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے۔ مونا خلیل جنوبی ساحلی علاقے میں واقع اپنے گھر پر ہونے والے ایک اسرائیلی حملے میں زخمی ہو گئی تھیں اور بعد ازاں ان کا انتقال ہو گیا۔
لبنان کے ساحل پر سمندری کچھوؤں کے تحفظ کے لیے دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک کام کرنے والی مونا خلیل اس ماہ کے آغاز میں منصوری گاؤں میں اپنے گھر پر ہونے والے حملے میں شدید زخمی ہو گئی تھیں۔ ان کا انتقال جمعہ کے روز 76 سال کی عمر میں ہوا۔
مونا خلیل نے منصوری میں واقع "اورنج ہاؤس" کو ایک چھوٹے ماحولیاتی تحفظ کے مرکز اور ماحولیاتی سیاحت (ایکو ٹورازم) کے مقام کے طور پر فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ یہ مقام نایاب اور خطرے سے دوچار لاگرہیڈ اور گرین سمندری کچھوؤں کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ بن گیا تھا۔
اس کے علاوہ یہاں رضاکاروں کو ساحل پر کچھوؤں کے انڈے دینے کی سرگرمیوں کا ریکارڈ رکھنے اور ان کی نگرانی کرنے کی تربیت بھی دی جاتی تھی۔ان کے انتقال کی خبر سے ماحولیاتی تحفظ سے وابستہ افراد اور وہ لوگ جو برسوں تک ان کے ساتھ کام کرتے اور رضاکارانہ خدمات انجام دیتے رہے، گہرے صدمے اور غم میں مبتلا ہو گئے۔
صحافی اور ماحولیاتی کارکن فادیہ جمعہ کی پہلی ملاقات مونا خلیل سے 2016 میں ہوئی تھی، جب وہ لبنان میں سمندری کچھوؤں پر تحقیق کر رہی تھیں۔ بعد ازاں انہوں نے مونا خلیل کے منصوبے میں رضاکار کے طور پر شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔فادیہ جمعہ نے کہا، ’’ہم رضاکاروں کے لیے یہ تعلق صرف رضاکارانہ خدمات تک محدود نہیں تھا، مونا ہمارے لیے ایک ماں جیسی بن گئی تھیں۔
فادیہ جمعہ بعد میں مونا خلیل کی قریبی ساتھیوں میں شامل ہو گئیں اور انہوں نے ان کے ساتھ مل کر سمندری کچھوؤں کے تحفظ کے منصوبے کے انتظام و انصرام میں بھی معاونت کی۔
انہوں نے اپنے بچوں کو بھی رضاکارانہ سرگرمیوں میں شریک کرنا شروع کیا تاکہ وہ لبنان کے جنوبی ساحل پر انڈے دینے والے کچھوؤں اور ان سے نکلنے والے بچوں کے تحفظ کی اہمیت کو سمجھ سکیں اور اس کام میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔