کولکاتہ ۔مغربی بنگال کی کولکاتہ میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی نے درگا پوجا کے موقع پر ایک خصوصی پنڈال کا اہتمام کیا، جو 'اردھناریشور'(نصف شیو، نصف شکتی کی علامت) کے تھیم پر مبنی ہے۔
یہ پنڈال ایک غیر منافع بخش تنظیم ’گوکھلے روڈ بندھن‘کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا۔
ٹرانس جینڈر کارکن رن جیتا سنہا نے کہا کہ پہلے سبھی لوگ درگا پوجا مناتے تھے، لیکن سماجی بدنامی کی وجہ سے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو اس سے الگ رکھا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا:"ہم پچھلے آٹھ سالوں سے اردھناریشور مناتے آ رہے ہیں۔ ہم نے یہ روایت اس لیے شروع کی کیونکہ کچھ لوگ ٹرانس جینڈر افراد کو انسان ہی نہیں مانتے تھے۔ ہماری کمیونٹی کو سماجی بدنامی کا سامنا رہا۔ جب سب لوگ پوجا کا لطف اٹھاتے تھے تو ہم روتے تھے کیونکہ ہم گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے تھے۔ ہمارے درمیان ٹرانس جینڈر مرد بھی ہیں اور ٹرانس جینڈر عورتیں بھی، اور اردھناریشور اس بات کی علامت ہے کہ سب برابر ہیں۔ اس موقع پر ہم نے راشن بھی تقسیم کیا اور نو راتری پر ثقافتی پروگرام بھی ہوں گے۔"
اسی دوران کولکاتہ کے سوناگاچی علاقے میں جنسی کارکنان نے بھی درگا پوجا پنڈال کا اہتمام کیا۔
مغربی بنگال کمیشن برائے حقوقِ اطفال کی مشیر اننیا چکرورتی نے کہا کہ ماں درگا کی مورتیوں کی تیاری کے لیے سب سے پہلی مٹی جنسی کارکنان کے گھروں سے لائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا:انہیں (جنسی کارکنوں کو) درگا پوجا منانے کا پورا حق ہے۔ جب مورتی تیار کی جاتی ہے تو سب سے پہلی مٹی انہی کے گھروں سے آتی ہے۔ اگر سیکس ورک غلط ہے تو پھر ان کے گاہک بھی غلط ہیں، اور اگر گاہکوں پر کوئی پابندی نہیں تو سیکس ورکرز کی پوجا پر بھی کوئی پابندی نہیں ہونی چاہیے۔"
سونگاچی علاقے کی جنسی کارکنان نے 70 سے 80 سال کی عمر کی 100 خواتینکو 2000 روپے مالی امدادبھی دی۔
ایک شریک شخص نے کہا:"یہاں غریبوں کی عبادت کی جاتی ہے۔ 70 سے 80 سال کی عمر کی سو خواتین کو 2000 روپے امداد دی گئی ہے۔ اگر ہر کسی کو کام کرنے کا حق ہے تو انہیں کیوں نہیں؟ انہیں عدالت سے اجازت لینی پڑی۔ یہ ٹھیک ہے، وہ اپنے حقوق کے لیے لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔"
قابل ذکر ہے کہ درگا پوجا جسے درگا اتسو یا شارد اتسو بھی کہا جاتا ہے، ایک سالانہ ہندو تہوار ہے جو دیوی درگا کی پوجا کے طور پر منایا جاتا ہے اور ان کی مہیشاسر پر جیت کی یاد دلاتا ہے۔ ہندو روایات کے مطابق اس وقت دیوی اپنی دھرتی پر اتر کر اپنے بھکتوں کو آشیرواد دیتی ہیں۔