ٹرانس جینڈر اور ہم جنس پرست جوڑوں کو لیو ان ریلیشن شپ میں رہنے کی اجازت: ہائی کورٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 19-02-2026
ٹرانس جینڈر اور ہم جنس پرست جوڑوں کو لیو ان ریلیشن شپ میں رہنے کی اجازت: ہائی کورٹ
ٹرانس جینڈر اور ہم جنس پرست جوڑوں کو لیو ان ریلیشن شپ میں رہنے کی اجازت: ہائی کورٹ

 



نئی دہلی
الٰہ آباد ہائی کورٹ نے ایک اہم فیصلے میں ٹرانسجینڈر فرد اور ایک دوسرے شخص کے درمیان لیو اِن ریلیشن شپ کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ ان کے اہلِ خانہ یا کوئی اور شخص ان کی زندگی میں مداخلت نہ کرے۔ عدالت نے آئین کے تحت زندگی اور شخصی آزادی کے بنیادی حق کو مقدم قرار دیتے ہوئے پولیس کو یہ بھی حکم دیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر فوری سکیورٹی فراہم کی جائے۔
یہ معاملہ مرادآباد ضلع کے مجھولا تھانہ حلقے سے متعلق ہے۔ دونوں درخواست گزار بالغ ہیں اور انہوں نے اپنی مرضی سے لیو اِن ریلیشن شپ میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے ہی خاندان کی طرف سے جان و مال کا خطرہ ہے۔ مقامی پولیس سے تحفظ کی درخواست کی گئی، مگر کارروائی نہ ہونے پر انہیں ہائی کورٹ سے رجوع کرنا پڑا۔
بالغ کو اپنی مرضی سے شریکِ حیات چننے کا حق
سماعت کے دوران جسٹس ویوک کمار سنگھ نے کہا کہ ہر بالغ شخص کو اپنی مرضی سے شریکِ حیات چننے کا مکمل حق حاصل ہے اور اس معاملے میں خاندان یا سماج کوئی مداخلت نہیں کر سکتا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ کے فیصلے نوَتیج سنگھ جوہر بنام یونین آف انڈیا (2018) کا حوالہ دیا، جس میں ہم جنس تعلقات کو تسلیم کرتے ہوئے ہندوستانی تعزیراتِ قانون (آئی پی سی) کی دفعہ 377 کو کالعدم قرار دیا گیا تھا۔
ہائی کورٹ نے واضح کیا کہ اس نوعیت کے تعلقات آئین کے آرٹیکل 14، 19 اور 21 کی خلاف ورزی نہیں کرتے۔ مزید یہ کہ اکانکشا بنام ریاستِ اتر پردیش (2025) کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت نے اس بات کی توثیق کی کہ شادی نہ ہونے یا شادی ممکن نہ ہونے کی صورت میں بھی زندگی اور آزادی کے حقوق محفوظ رہتے ہیں۔
خاندان کو مداخلت کا حق نہیں
عدالت نے صاف کہا کہ جب کوئی بالغ فرد اپنی زندگی کا ساتھی منتخب کر لے تو خاندان یا کوئی اور ان کے پُرامن زندگی گزارنے میں رکاوٹ ڈالنے کا حق نہیں رکھتا۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر شہری کی زندگی اور آزادی کا تحفظ کرے۔ عدالت نے یہ بھی ہدایت دی کہ اگر درخواست گزاروں کے پُرامن زندگی میں کوئی خلل ڈالا جائے تو وہ پولیس کمشنر یا ایس ایس پی سے رابطہ کریں، اور پولیس فوری طور پر تحفظ فراہم کرے۔
عدالت نے مزید کہا کہ اگر دستاویزی ثبوت موجود نہ ہوں تو پولیس بون اوسیفیکیشن ٹیسٹ یا دیگر قانونی طریقۂ کار اختیار کر کے متعلقہ افراد کی عمر کی تصدیق کر سکتی ہے۔ تاہم، اگر کوئی قابلِ تعزیر جرم درج نہ ہو تو پولیس زبردستی کوئی کارروائی نہیں کرے گی۔