نئی دہلی
پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر کیرن رجیجو نے پیر کو کانگریس پارٹی پر سخت حملہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے پر کانگریس کو “پچھتانا پڑے گا”۔
رجیجو نے اسپیکر کا دفاع کیا اور کہا کہ یہ تحریک “بغیر کسی وجہ” کے لائی گئی ہے اور صرف “ایک شخص کی ضد” کو پورا کرنے کے لیے پیش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایوان میں اس کا مکمل جواب دینے کے لیے تیار ہے اور انہیں یقین ہے کہ یہ تحریک ناکام ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا كہ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ اس کی شروعات لوک سبھا اسپیکر کے خلاف ایک تحریک سے ہو رہی ہے، جسے اپوزیشن خاص طور پر کانگریس پارٹی نے انہیں ہٹانے کے لیے پیش کیا ہے۔ ہم اس کا جواب دیں گے، لیکن کانگریس کو یہ سوچنا چاہیے کہ وہ آئینی عہدوں اور آئینی وقار کو کمزور کرنے کے لیے کہاں تک جائے گی۔ وہ عدالت کے تبصروں پر تنقید کرتے ہیں اور الیکشن کمیشن کو بھی نظر انداز کرتے ہیں۔رجیجو نے مزید الزام لگایا کہ کانگریس جمہوریت کی پروا نہیں کرتی اور صرف “ایک خاندان” پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا كہ کانگریس کو اس پر پچھتانا پڑے گا۔ لوک سبھا اسپیکر کے خلاف بغیر کسی وجہ اور سوچے سمجھے، صرف ایک شخص کی ضد کو پورا کرنے کے لیے جو تجویز لائی گئی ہے، اسے شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔دوسری جانب شیو سینا (یو بی ٹی) کی رکن پارلیمنٹ پریانکا چترویدی نے امید ظاہر کی کہ اس تحریک کے ذریعے اپوزیشن کی تشویش اسپیکر تک ضرور پہنچے گی۔
انہوں نے کہا كہ اسپیکر کی کرسی غیر جانبدار ہوتی ہے۔ آئین میں یہ انتظام موجود ہے کہ اگر اپوزیشن کو لگے کہ اسپیکر جانبدارانہ طریقے سے کام کر رہے ہیں تو وہ عدم اعتماد کی تحریک لا سکتی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ اس سے کرسی تک یہ پیغام پہنچے گا کہ ذمہ داری کو مدنظر رکھتے ہوئے فرائض انجام دیے جائیں۔
کاروباری فہرست کے مطابق کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ محمد جاوید، ملو روی اور کوڈیکنل سریش لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر بحث کے لیے قرارداد پیش کریں گے۔ اس تحریک پر 118 اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے دستخط کیے ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو ایوان میں بولنے کی اجازت نہ دینے کے بعد اسپیکر کا رویہ “جانبدارانہ” رہا ہے۔
اپوزیشن ارکان نے یہ بھی کہا کہ عوامی مسائل اٹھانے پر اپوزیشن کے کئی ارکان کو پورے پارلیمانی اجلاس کے لیے معطل کر دیا گیا، جبکہ حکمران جماعت کے ارکان کو سابق وزرائے اعظم کے خلاف “توہین آمیز” بیانات دینے پر کوئی تنبیہ نہیں کی گئی۔
کانگریس ارکان نے یہ الزام بھی لگایا کہ اوم برلا “متنازع معاملات میں کھلے عام حکمران جماعت کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں”، اور ان کا یہ طرز عمل لوک سبھا کے درست کام کاج کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔اس کے جواب میں بی جے پی کے کئی رہنماؤں نے اسپیکر کے خلاف اپوزیشن کی اس قرارداد کی سخت مذمت کی ہے۔
ادھر حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اپوزیشن کانگریس دونوں نے اپنے لوک سبھا ارکان کو تین لائن وہپ جاری کیا ہے، جس کے تحت 9 سے 11 مارچ تک ایوان میں ان کی موجودگی ضروری ہوگی۔
دوسری طرف آل انڈیا ترنمول کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ پارٹی سربراہ ممتا بنرجی کی ہدایت کے مطابق اس عدم اعتماد کی تحریک کی حمایت کریں گے۔