ٹی ایم سی میں بغاوت، باغی گروپ کا پارٹی ہیڈکوارٹر پر قبضہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-07-2026
ٹی ایم سی میں بغاوت، باغی گروپ کا پارٹی ہیڈکوارٹر پر قبضہ
ٹی ایم سی میں بغاوت، باغی گروپ کا پارٹی ہیڈکوارٹر پر قبضہ

 



کولکتہ
ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) میں جاری اندرونی کشمکش جمعہ کے روز اس وقت مزید شدت اختیار کر گئی، جب پارٹی کے میٹروپولیٹن ریاستی دفتر کے باہر سی آر پی ایف اور کولکتہ پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔
یہ سکیورٹی اقدامات اس دعوے کے بعد کیے گئے کہ قائد حزب اختلاف ریتابرتا بنرجی کی قیادت میں ایک باغی دھڑے نے پارٹی ہیڈکوارٹر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ یہ پیش رفت اس کے ایک روز بعد سامنے آئی، جب باغی گروپ نے نئی دہلی میں الیکشن کمیشن سے رجوع کرتے ہوئے 28 سالہ پرانی پارٹی کے نام، فنڈز اور دو پھولوں والے انتخابی نشان پر اپنا دعویٰ پیش کیا تھا۔
فرہاد حکیم، جاوید خان اور اکھروززمان کے ہمراہ ریتابرتا بنرجی نے ای ایم بائی پاس پر واقع پارٹی دفتر، جو 2022 سے پارٹی کا مرکزی دفتر ہے، میں داخل ہو کر اپنے کنٹرول کا اعلان کیا۔ باغی دھڑے نے دفتر کے سائن بورڈ تبدیل کر دیے اور ممتا بنرجی کی جگہ سینئر رکن اسمبلی اروپ رائے کو نیا چیئرمین قرار دیتے ہوئے ایک نیا بینر آویزاں کر دیا۔
باغی دھڑے کا کہنا ہے کہ عمارت کی لیز کی مدت ختم ہو چکی تھی اور ان کی ورکنگ کمیٹی کے تحت ایک نیا معاہدہ کیا گیا ہے۔رکن اسمبلی اکھروززمان نے کہا کہ یہ ہمارا پارٹی دفتر ہے اور یہ ہمارا ہی رہے گا۔ مرکزی دروازے کی چابی ہمارے پاس ہوگی۔" انہوں نے مزید کہا کہ وہ اب بھی دفتر میں موجود ممتا بنرجی کی تصاویر کا احترام کرتے ہیں، تاہم ابھیشیک بنرجی کی قیادت کو تسلیم نہیں کرتے۔
پارٹی ہیڈکوارٹر پر اس ڈرامائی قبضے کے بعد ممتا بنرجی کے حامی دھڑے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا، جس کے نتیجے میں سینئر رہنما سڑکوں پر نکل آئے اور پولیس میں ہنگامی شکایات درج کرائیں۔ اس دوران دونوں دھڑوں کے درمیان سخت لفظی جنگ بھی شروع ہو گئی۔
سینئر رہنما مدن مترا نے مرکزی حکومت پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ سی آر پی ایف چند ہی منٹوں میں موقع پر پہنچ گئی تاکہ باغی دھڑے کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بنگال میں ہماری پارٹی کے کم از کم ایک لاکھ دفاتر اس وقت بند ہیں اور ہمارے کارکن ظلم، غنڈہ گردی اور پولیس کارروائیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کی حفاظت کے لیے بی جے پی کا کوئی رہنما نہیں آیا۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ باغی دھڑا زعفرانی جماعت کی "بی ٹیم" کے طور پر کام کر رہا ہے۔
معروف وکیل اور ٹی ایم سی رہنما بَیسوانور چٹوپادھیائے نے کہا کہ پارٹی زبردستی قبضے کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نکالے گئے ارکان نے غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے زبردستی پارٹی دفتر میں داخلہ لیا۔ یہ دفتر ممتا بنرجی کے نام اور ان کی شناخت سے وابستہ ہے۔ آل انڈیا ترنمول کانگریس کی پہچان صرف ممتا بنرجی ہیں۔
ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی نے باغی قیادت پر شدید تنقید کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف کو "مجرمانہ طور پر قبضہ کرنے والا" قرار دیا۔ انہوں نے باغی دھڑے کو خبردار کرتے ہوئے کہا، "صرف اس لیے کہ چند غنڈوں نے ایک گروپ بنا لیا ہے، کیا ہم اسے تسلیم کر لیں؟ آپ نے یہ کھیل شروع کیا ہے، لیکن ہم اسے ختم کریں گے۔ ہم یہ لڑائی دو محاذوں پر لڑیں گے، ایک عدالت میں اور دوسرا عوام کے درمیان۔
ادھر، کولکتہ پولیس نے اعلان کیا ہے کہ عمارت کی ملکیت اور لیز سے متعلق سرکاری دستاویزات کی تصدیق کے بعد ہی وہاں معمول کی سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی اس سیاسی تنازع کا اگلا مرحلہ نئی دہلی منتقل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ممتا بنرجی کے حامی دھڑے اور ریتابرتا بنرجی کے باغی گروپ، دونوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 6 جولائی کو شام 5:30 بجے تک اپنے تنظیمی دعوے اور جوابی دعوے مکمل تفصیلات کے ساتھ جمع کرائیں۔