کولکاتہ: مغربی بنگال کی سیاست میں ایک بڑا سیاسی بحران سامنے آیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی جماعت ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) میں بغاوت کے بعد پارٹی کے 58 باغی ارکانِ اسمبلی کے گروپ کو اسمبلی اسپیکر نے تسلیم کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریتابرتا بنرجی کو مغربی بنگال اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف (اپوزیشن لیڈر) کی حیثیت سے منظوری دے دی گئی ہے۔
ریتابرتا بنرجی کی قیادت میں تقریباً 60 ارکانِ اسمبلی نے اسمبلی اسپیکر رویندر ناتھ بوس سے ملاقات کی اور مؤقف اختیار کیا کہ وہی ٹی ایم سی کا اصل دھڑا ہیں، لہٰذا انہیں قانونی حیثیت دی جائے۔ ریتابرتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ ان کے ساتھ 60 ارکانِ اسمبلی موجود ہیں اور اصل ترنمول کانگریس وہی گروپ ہے۔ باغی گروپ نے اخترالزمان کو چیف وہپ مقرر کیا ہے۔
اسپیکر سے ملاقات کے بعد ریتابرتا بنرجی نے کہا کہ اسمبلی اسپیکر نے ان کے گروپ کو قانون ساز پارٹی کا درجہ دینے کا مطالبہ قبول کر لیا ہے۔ باغی رہنما سندیپن ساہا اور دیگر ناراض ارکان نے 58 ارکانِ اسمبلی کے دستخطوں پر مشتمل حمایت نامہ اسپیکر کو پیش کیا۔ نئے قیادی ڈھانچے کے تحت ریتابرتا بنرجی کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر، جبکہ جاوید خان، سندیپن ساہا اور شیولی ساہا کو نائب لیڈر نامزد کیا گیا ہے۔ یہ پیش رفت اسمبلی میں باغی ارکان کے اجلاس کے بعد سامنے آئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس اجلاس میں شریک کوئی بھی رکن اسمبلی 2 جون کو کولکاتا میں ممتا بنرجی کے دھرنے میں شریک نہیں ہوا۔
دوسری طرف، ٹی ایم سی قیادت کے قریبی سمجھے جانے والے رہنما شوبھاندیب چٹوپادھیائے، نینا بندوپادھیائے، مدن مترا اور کنال گھوش بھی 3 جون کو ہونے والے اجلاس سے دور رہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق انسدادِ انحراف قانون کے تحت کسی علیحدہ گروپ کو نااہلی سے بچنے کے لیے قانون ساز پارٹی کے کم از کم دو تہائی ارکان کی حمایت درکار ہوتی ہے۔
ٹی ایم سی کے 80 ارکانِ اسمبلی کی بنیاد پر یہ تعداد 54 بنتی ہے، جبکہ باغی گروپ 58 ارکان کی حمایت کا دعویٰ کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ انتخابی نتائج کے بعد ممتا بنرجی نے پارٹی مخالف سرگرمیوں کے الزام میں ریتابرتا بنرجی اور سندیپن ساہا کو ٹی ایم سی سے معطل کر دیا تھا۔
اسی کے بعد سے پارٹی میں اختلافات اور بغاوت کی خبریں کھل کر سامنے آنے لگیں۔ تاہم ریتابرتا بنرجی نے ممتا بنرجی کی قیادت کو مسترد نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا گروپ اپوزیشن کا کردار ادا کرے گا اور مثبت سیاست کو فروغ دے گا۔ ان کے بقول، ’’ہماری رہنما آج بھی ممتا بنرجی ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ آئندہ بھی ہماری رہنمائی کرتی رہیں گی۔‘‘