نئی دہلی
مرکزی وزیر کرن رجیجو نے ہفتہ کے روز سپریم کورٹ کے اس حکم کو، جس میں مغربی بنگال میں انتخابی فہرستوں کی جاری خصوصی جامع نظرِثانی میں مدد کے لیے عدالتی افسران کی تعیناتی کی ہدایت دی گئی ہے، ایک “انتہائی اہم ہدایت” قرار دیا اور کہا کہ اب ممتا بنرجی حکومت کو اس عمل کی مکمل حمایت کرنی ہوگی۔
رجیجو نے کہا کہ اس معاملے میں اعلیٰ عدالت کی ہدایت نے مغربی بنگال میں برسرِ اقتدار ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کو بھی “مکمل طور پر بے نقاب” کر دیا ہے، جس پر انہوں نے الزام لگایا کہ وہ آئندہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں غیر قانونی دراندازوں کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کر کے جیتنا چاہتی ہے۔
مغربی بنگال حکومت اور الیکشن کمیشن (ای سی) کے درمیان جاری کشمکش پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے، سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز ایک “غیر معمولی” ہدایت جاری کی اور ریاست سے کہا کہ وہ متنازعہ ایس آئی آر عمل میں پول پینل کی مدد کے لیے حاضر سروس اور سابق ضلع ججوں کو تعینات کرے۔
الیکشن کمیشن اور “جمہوری طور پر منتخب” ٹی ایم سی حکومت کے درمیان جاری “افسوسناک الزام تراشی” اور “اعتماد کے فقدان” پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے، چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جویمالیہ باگچی اور جسٹس وِپُل ایم پنچولی پر مشتمل بنچ نے ایس آئی آر کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے متعدد نئی ہدایات جاری کیں۔
عدالت کے حکم پر ردعمل دیتے ہوئے رجیجو نے کہا ko سپریم کورٹ کی یہ ہدایت جمہوریت کے لیے نہایت ضروری اور اہم تھی۔ کانگریس اور ٹی ایم سی کو اب جمہوریت کے لیے ایس آئی آر کی مکمل حمایت کرنی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا كہ یہ مغربی بنگال اور پورے ملک کے لیے بہت اچھی خبر ہے۔ سپریم کورٹ نے نہایت سخت ہدایات دی ہیں۔ مغربی بنگال حکومت، ڈی جی پی اور پوری ریاستی مشینری کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنا ہوگا۔ پارٹی ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سینئر بی جے پی رہنما نے یہ بات کہی۔انہوں نے الزام لگایا کہ ٹی ایم سی ایس آئی آر کے خلاف اس لیے ہے کیونکہ وہ آنے والے چند مہینوں میں ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات میں “دھاندلی” کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا كہ وہ ووٹر لسٹ میں غیر قانونی گھس پیٹھیوں (دراندازوں) کے نام شامل کر کے الیکشن جیتنا چاہتی ہے۔ ٹی ایم سی حکومت اب مکمل طور پر بے نقاب ہو چکی ہے۔اعلیٰ عدالت نے منطقی تضادات کی فہرست میں شامل افراد کے دعووں اور اعتراضات کے فیصلے کے لیے عدالتی افسران کی تعیناتی کا حکم دیا ہے، جن کے نام انتخابی فہرست سے ہٹائے جانے کا سامنا کر رہے ہیں۔ 2002 کی ووٹر لسٹ کے ساتھ نسبتی ربط میں منطقی تضادات میں ایسے معاملات شامل ہیں جہاں والدین کے نام میں عدم مطابقت ہو یا ووٹر اور اس کے والدین کی عمر کے فرق میں 15 سال سے کم یا 50 سال سے زیادہ کا فرق ہو۔
اعلیٰ عدالت نے کلکتہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سوجے پال سے کہا ہے کہ وہ ایس آئی آر کے کام میں مدد کے لیے کچھ عدالتی افسران فراہم کریں اور سابق ججوں کو بھی نامزد کریں، کیونکہ عدالت نے ریاستی حکومت کی جانب سے اس مشق کے لیے مناسب تعداد میں گریڈ “اے” افسران فراہم نہ کیے جانے کو سنجیدگی سے نوٹ کیا ہے۔