نیوما۔:یوم آزادی کے موقع پر ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت مشرقی لداخ کے چانگ تھانگ نیوما ضلع میں ہندوستان چین سرحد کے ساتھ ترنگا یاترا کا انعقاد کیا گیا۔اس یاترا میں ضلع انتظامیہ کے اہلکاروں۔ نیم فوجی دستوں اور ہندوستانی فوج کے جوانوں کے علاوہ نیوما اور چانگ تھانگ کے مختلف علاقوں سے آنے والے دیہاتیوں نے بھی شرکت کی۔
ایس ایس پی ظہیر عباس جعفری نے بتایا کہ ملک کے بلند ترین علاقوں میں شامل چانگ تھانگ نیوما میں بڑے پیمانے پر ترنگا یاترا منعقد کی گئی جس میں ضلع بھر کے لوگوں نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ۔ نیم فوجی دستوں اور ہندوستانی فوج کے اہلکاروں کے ساتھ نیوما اور چانگ تھانگ کے مختلف علاقوں کے دیہاتیوں نے بھی پورے جوش و خروش کے ساتھ یاترا میں حصہ لیا۔
ترنگا یاترا کا آغاز نیوما فٹبال گراؤنڈ سے ہوا اور یہ ڈپٹی کمشنر کے دفتر پر اختتام پذیر ہوئی۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ یاترا کا بنیادی مقصد ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے بارے میں لوگوں میں بیداری پیدا کرنا اور انہیں اپنے گھروں پر قومی پرچم لہرانے کی ترغیب دینا تھا۔انہوں نے کہا کہ چانگ تھانگ ضلع میں یوم آزادی کی تقریبات کے تحت ایک شاندار پرچم کشائی کی تقریب کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔
’ہر گھر ترنگا‘ مہم کا آغاز ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کے تحت کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد لوگوں کو اپنے گھروں پر ترنگا لانے اور ہندوستان کی آزادی کی مناسبت سے اسے لہرانے کی ترغیب دینا ہے۔2026 میں ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت ترنگا ریلیاں اور جلوس۔ نمائشیں۔ ترنگا کنسرٹس۔ موٹر سائیکل اور سائیکل ریلیاں۔ اہم مقامات کو ترنگے کی روشنیوں سے سجانا۔ سجاوٹ اور رنگولی پروگرام شامل ہیں۔
’وندے ماترم کے جذبے کو ترنگے کا سلام‘ کے موضوع پر خصوصی سرگرمیاں بھی منعقد کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ مقبول ’ترنگے کے ساتھ سیلفی‘ مہم بھی جاری رہے گی۔ہندوستان اپنی آزادی کی 80ویں سالگرہ منا رہا ہے اور اس سال کی تقریبات میں وندے ماترم کے 150 سال مکمل ہونے کی یادگاری تقریبات کو بھی خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔