جموں
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز اس بات پر زور دیا کہ ایک ایسا معاشرہ تعمیر کرنے کی ضرورت ہے جو ٹیکنالوجی کے اعتبار سے مضبوط ہو لیکن انسانی اقدار کے لحاظ سے بھی حساس ہو۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہندوستان چیلنجوں سے بھرے اس دنیا میں رہنمائی کرنے کے لیے اپنا مقام دوبارہ حاصل کرے۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ نہ صرف ہندوستان بلکہ عالمی فکری اور اخلاقی شعور کو بھی مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔جموں میں سنٹرل سنسکرت یونیورسٹی میں مہاراجہ رنبیر سنگھ کے مجسمے کی نقاب کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے سنہا نے کہا كہ ہندوستان انسانی فلاح کو مدنظر رکھتے ہوئے عالمی امن اور مشترکہ خوشحالی کے لیے پُرعزم ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہندوستان چیلنجوں سے بھری دنیا کی رہنمائی کے لیے اپنا مقام دوبارہ حاصل کرے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے یونیورسٹی کے جموں کیمپس کا نام بھی تبدیل کر کے شری مہاراجہ رنبیر سنگھ کیمپس رکھنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا كہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو اس طرح تیار کرنا ہوگا کہ وہ ایک مضبوط اور طاقتور ہندوستان کی تعمیر کریں، جو قوموں کو اٹوٹ اتحاد میں جوڑ سکے اور ان کے اندر عالمی امن اور انسانی فلاح کے عظیم مقصد کو فروغ دے۔انہوں نے کہا کہ قدیم ہندوستان کا سفر — جہاں ایک ہاتھ میں سائنس اور دوسرے میں ثقافت تھی — کبھی یک طرفہ نہیں رہا۔
سنہا نے کہاكہ ہم نے برہماگپت کی ذہانت اور بدھ کی حکمت جیسی شخصیات سے سیکھا ہے۔ اس کیمپس کو بھی ایسی ہی شخصیات کو پروان چڑھانے کا مرکز بننا چاہیے۔انہوں نے خطے میں گروکل، سنسکرت پاٹھ شالاؤں اور وید پاٹھ شالاؤں کے قیام کے لیے مالی امداد فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا۔
نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے سنہا نے کہا كہ ہمیں ایک ایسا معاشرہ بنانا ہوگا جو ٹیکنالوجی کے لحاظ سے طاقتور ہو لیکن انسانی ہمدردی سے بھی بھرپور ہو۔ نوجوانوں کو نہ صرف ہندوستان بلکہ عالمی فکری اور اخلاقی شعور کو بھی مالا مال کرنا چاہیے۔ ہندوستان انسانی فلاح کے جذبے کے ساتھ عالمی امن اور مشترکہ ترقی کے لیے پُرعزم ہے۔