نئی دہلی
دہلی کے کم از کم تین اسکولوں کو جمعرات کی صبح ای میل کے ذریعے بم سے اُڑانے کی دھمکی دی گئی، جس کے بعد ہنگامی ایجنسیوں نے فوری طور پر اسکولوں کو خالی کرا کے تلاشی مہم شروع کر دی۔ یہ جانکاری ڈی ایف ایسکے ایک افسر نے دی۔
ڈی ایف ایس کے افسر نے بتایا كہ ہمیں دوارکا میں واقع سی آر پی ایف پبلک اسکول اور سینٹ تھامس اسکول، نیز مغربی انکلیو میں واقع ڈی اے وی سینٹینری پبلک اسکول کو بم دھمکی والے ای میل موصول ہونے کی اطلاع ملی۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر متعلقہ مقامات پر بھیج دی گئیں۔
حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیمیں، بم ناکارہ بنانے والے دستے، سونگھنے والے کتے اور مقامی انتظامیہ کے افسران اسکولوں میں روانہ کر دیے گئے۔انہوں نے بتایا کہ احتیاط کے طور پر اسکول انتظامیہ نے تلاشی مہم کے دوران طلبہ اور عملے کو احاطے سے باہر نکال دیا۔ حکام کے مطابق ابتدائی تلاشی میں کوئی مشتبہ شے برآمد نہیں ہوئی، تاہم احاطے کی تفصیلی جانچ جاری ہے۔
پولیس نے بتایا کہ سائبر ٹیم کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور ای میل کہاں سے بھیجا گیا، اس کا پتہ لگانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔پولیس کے ایک افسر نے کہا كہ ای میل کے ذریعے اور اس کی صداقت کا پتہ لگانے کے لیے تفتیش کی جا رہی ہے۔ ہم یہ بھی جانچ کر رہے ہیں کہ آیا اس نوعیت کی دھمکیاں دیگر اداروں کو بھی بھیجی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔