جلپائی گوڑی میں ٹرین حادثہ، تین افراد ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 13-01-2022
 جلپائی گوڑی میں ٹرین حادثہ، تین افراد ہلاک
جلپائی گوڑی میں ٹرین حادثہ، تین افراد ہلاک

 

 


آواز دی وائس، کولکاتہ

بیکانیر-گوہاٹی ایکسپریس کے کئی ڈبےجمعرات کی شام پانچ بجے مغربی بنگال میں جلپائی گوڑی کے ڈوموہنی میں پٹری سے اتر گئے اس حادثے میں تین افراد کی موت ہو گئی ہے اور متعدد افراد کے ڈبوں میں پھنسے ہونے کا اندیشہ ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ٹرین نمبر 15633 جمعرات کی صبح 5.44 بجے پٹنہ ریلوے اسٹیشن سے گوہاٹی روانہ ہوئی تھی۔ یہ حادثہ مغربی بنگال میں جلپائی گوڑی نیو ڈوموہنی اور نیو میناگوری کے درمیان پیش آیا۔

بتایا جا رہا ہے کہ ٹرین کے 12 ڈبے پٹری سے اتر گئے ہیں۔ ریلوے حکام جائے حادثہ پہنچ گئے ہیں۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ کئی مسافروں کے کوچوں میں پھنسے ہونے کا اندیشہ ہے، جنھیں افسران بحفاظت نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اندھیرے کے باعث ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں مشکلات آ رہی ہیں۔ ریلوے نے حادثے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریلوے نے ایک ہیلپ لائن نمبر 8134054999 جاری کیا ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال لے جانے کے لیے 50 سے زائد ایمبولینسیں بھیجی گئی ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے حادثے کے فوراً بعد بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے فون پر بات کی ہے۔ بیکانیر ایکسپریس منگل کی رات راجستھان کے بیکانیر سے روانہ ہوئی تھی۔