دہلی ہائی کورٹ میں تین ججوں نے حلف اٹھایا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 28-10-2025
دہلی ہائی کورٹ میں تین ججوں نے حلف اٹھایا
دہلی ہائی کورٹ میں تین ججوں نے حلف اٹھایا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی ہائی کورٹ کی تعداد اور تنوع میں ایک اہم اضافہ ہوا ہے، جب جسٹس دنیش مہتا، اوینیش جھنگن اور چندر شیکھرن سودھا نے منگل کے روز باضابطہ طور پر دہلی ہائی کورٹ کے جج کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ حلف برداری کی تقریب دہلی ہائی کورٹ میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت چیف جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے نے کی۔ اس موقع پر موجودہ ججز، سینئر وکلاء، دہلی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ارکان، نئے تقرر پانے والے ججز کے اہلِ خانہ اور قانونی برادری کی معزز شخصیات موجود تھیں۔
چیف جسٹس اپادھیائے نے تینوں ججز کو دہلی ہائی کورٹ میں خوش آمدید کہا اور ان کی جانب سے قومی دارالحکومت میں عدالتی ذمہ داریاں سنبھالنے کو ایک مثبت قدم قرار دیا۔ مرکزی وزارتِ قانون و انصاف نے حال ہی میں ان تقرریوں کے نوٹیفکیشن جاری کیے تھے، جن میں کہا گیا تھا کہ ہندوستان کے آئین کے آرٹیکل 222 کی شق (1) کے تحت حاصل اختیارات کے استعمال میں، صدرِ جمہوریہ نے چیف جسٹس آف انڈیا سے مشاورت کے بعد جسٹس دنیش مہتا اور جسٹس اوینیش جھنگن کو راجستھان ہائی کورٹ سے، اور جسٹس چندر شیکھرن سودھا کو کیرالا ہائی کورٹ سے دہلی ہائی کورٹ میں منتقل کرنے کی منظوری دی ہے۔
ان ججز کی منتقلی سے دہلی ہائی کورٹ میں تین مختلف دائرہ ہائے اختیار سے تجربہ کار عدالتی مہارت شامل ہوئی ہے، جس سے عدالت کی انتظامی اور عدالتی صلاحیتوں میں اضافہ ہونے کی توقع ہے۔ یہ تقرریاں سپریم کورٹ کولیجیم کی 27 اگست کی سفارش کے بعد عمل میں آئیں، جس کی سربراہی چیف جسٹس آف انڈیا بی آر گووائی نے کی تھی۔ اسی اجلاس میں جسٹس ارون مونگا اور جسٹس تارا وِتستا گنجو کو دہلی ہائی کورٹ سے راجستھان اور کرناٹک ہائی کورٹ میں منتقل کرنے کی سفارش بھی کی گئی تھی۔
دونوں ججز، مونگا اور گنجو، کو پیر کے روز فل کورٹ کی جانب سے رسمی طور پر الوداعی ریفرنس دیا گیا۔ اس عدالتی ردوبدل کے نتیجے میں دہلی ہائی کورٹ میں سینئرٹی پیٹرن (درجہ بندی) میں بھی تبدیلی آئی ہے، جہاں اب ابتدائی دس میں سے چھ ججز دیگر ہائی کورٹس سے آئے ہیں۔ اس تبدیلی کے باعث جنرل سپروویژن اور ایڈمنسٹریٹو کمیٹی سمیت کئی کلیدی انتظامی کمیٹیوں کی ساخت پر بھی اثر پڑنے کا امکان ہے۔