نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کی وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا نے پیر کے روز 2020 کے دہلی فسادات کی سازش کے معاملے میں عمر خالد اور شرجیل امام کو ضمانت دینے سے انکار کے عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو فسادات کی آگ میں جھونکنے کے ذمہ دار افراد کو سخت ترین سزا ملنی چاہیے۔
عدالت نے پیر کو 2020 کے دہلی فسادات کی سازش سے جڑے معاملے میں ملزمان عمر خالد اور شرجیل امام کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا، تاہم ’’شمولیت کی سطح‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے پانچ دیگر ملزمان کو ضمانت دے دی۔ جسٹس اروِند کمار اور جسٹس این۔ وی۔ انجاریا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ عمر خالد اور شرجیل امام کے خلاف غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) قانون (یو اے پی اے) کے تحت بادی النظر میں مقدمہ بنتا ہے۔
ریکھا گپتا نے کہا کہ ہم عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ عدالت نے دہلی فسادات کے معاملے میں ملزمان شرجیل امام اور عمر خالد کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔ دہلی کو فسادات کی آگ میں جھونکنے والوں کو سخت ترین سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فسادات میں شامل افراد کی حمایت کرنے والی سیاسی جماعتوں کے لیے بھی سخت پیغام جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ’’جرم میں شریک‘‘ تھیں۔
دہلی کے قانون وزیر کپل مشرا نے کہا کہ اعلیٰ ترین عدالت کے فیصلے نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ یہ فسادات ایک ’’منظم سازش‘‘ کا نتیجہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کی عوام کے خلاف جان بوجھ کر سازش رچی گئی تھی۔ آج کے فیصلے نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے واضح پیغام ملتا ہے کہ ایسی سازشوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
دہلی کے وزیرِ داخلہ آشیش سود نے کہا کہ عدالت کا یہ حکم ملک کے خلاف کام کرنے والوں کے لیے ایک مثال بنے گا۔ سود نے کہا کہ حکومت کی مخالفت کرنا غلط نہیں، لیکن ملک کی مخالفت کرنا الگ بات ہے۔ یہ افسوسناک ہے کہ کچھ لوگ ملک کے خلاف کام کرنے کے الزام میں گرفتار افراد کے تئیں ہمدردی ظاہر کرتے ہیں۔ دہلی کے وزیرِ ماحولیات منجندر سنگھ سرسا نے کہا کہ فسادیوں کو سخت سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے سخت پیغام دینے پر اعلیٰ ترین عدالت کا شکریہ ادا کیا۔
فروری 2020 میں شمال مشرقی دہلی میں ہونے والے فسادات میں 53 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔