نئی دہلی/آواز دی وائس
سپریم کورٹ کی جانب سے تمام سرکاری و عوامی اداروں جن میں اسکول، کالج، اسپتال، ریلوے اسٹیشن اور بس اڈے شامل ہیں وہاں سے آوارہ کتوں کو ہٹانے کے احکامات جاری کیے جانے کے بعد، جانوروں کے حقوق کی کارکن اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رہنما منیکا گاندھی نے گہرے صدمے اور تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اتنے زیادہ پناہ گاہیں موجود نہیں کہ ان کتوں کو رکھا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ جسٹس پردیوالا کے فیصلے جتنا ہی بُرا، بلکہ اس سے بھی بدتر ہے۔ اسے عملی طور پر نافذ کرنا ممکن نہیں۔ اگر 5000 کتوں کو ہٹا دیا جائے تو انہیں کہاں رکھا جائے گا؟ آپ کو پچاس پناہ گاہوں کی ضرورت ہوگی، مگر ایسی کوئی سہولت موجود نہیں۔ آپ کو ان کتوں کو پکڑنے والے افراد بھی چاہئیں۔ آخر 5000 کتوں کو ہٹانے سے کیا فرق پڑے گا؟ اگر یہاں 8 لاکھ کتے ہیں، تو 5000 کتوں کو ہٹانے سے کیا بدل جائے گا؟... سوال یہ ہے کہ اگر یہ ممکن ہوتا تو اب تک ہو چکا ہوتا۔
دوسری جانب، سپریم کورٹ کی وکیل اور عرضی گزار ننیٹا شرما نے کہا کہ آج کا حکم 11 اگست کے حکم کے مماثل ہے۔ کتوں کو سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں، ریلوے اسٹیشنوں اور بس اڈوں سے ہٹا کر دوسری جگہ منتقل کیا جائے گا۔ ایک نوڈل افسر مقرر کیا جائے گا تاکہ وہ دوبارہ ان اداروں میں واپس نہ آئیں۔ مجھے اب بھی امید ہے، اور میں خدائی انصاف پر یقین رکھتی ہوں۔ بے زبان جانوروں کے ساتھ ایسا ظلم نہیں ہونا چاہیے...
انہوں نے مزید کہا کہ اے بی سی قوانین کے تحت آوارہ کتوں کی جبری منتقلی کی اجازت نہیں، مگر کاٹنے کے واقعات کو جواز بنا کر یہ کیا جا رہا ہے۔ آج جو کچھ ہوا وہ افسوسناک ہے... پناہ گاہوں کو بہتر حالت میں ہونا چاہیے۔ ہم سپریم کورٹ کے حکم کا احترام کرتے ہیں، مگر یہ صورتحال نہایت تکلیف دہ ہے۔ پیپل فار اینیملز انڈیا کی ٹرسٹی گوری مولیکھی نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے پر سخت تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے کسی فریق کو سنے بغیر یہ "بدقسمت فیصلہ" سنایا۔
انہوں نے کہا کہ آج بینچ نے حکم پڑھا اور کسی فریق کی بات نہیں سنی۔ ہم اس فیصلے سے حیران ہیں۔ یہ ان علاقوں سے کتوں کو ہٹانے سے متعلق تھا۔ یہ بہت افسوسناک ہے کہ تمام فریقوں کو سنے بغیر صرف ایک طرفہ طور پر کتوں کو ہٹانے کا حکم دے دیا گیا۔ یہ مسئلہ کم نہیں بلکہ مزید بڑھے گا۔ کاغذ پر تو یہ حل معلوم ہوتا ہے، مگر عملی طور پر یہ ملک کے لیے ایک ڈراؤنا خواب بن جائے گا۔
قبل ازیں آج، سپریم کورٹ نے "کتے کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات" کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کو ہدایت دی کہ وہ تمام تعلیمی اداروں، اسپتالوں، عوامی کھیل کے میدانوں، بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں سے آوارہ کتوں کو ہٹا دیں۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ عقیم کیے جانے کے بعد ان کتوں کو دوبارہ ان علاقوں میں واپس نہ لایا جائے۔