تاج محل پر دھند کے گھنے بادل

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 29-12-2025
تاج محل پر دھند کے گھنے بادل
تاج محل پر دھند کے گھنے بادل

 



آگرہ:رجہ حرارت میں کمی کے ساتھ شمالی ہندوستان کے مختلف شہروں میں گھنی دھند چھا گئی۔ دنیا کے سات عجائبات میں شامل تاج محل گھنی دھند کی وجہ سے نظروں سے اوجھل ہو گیا۔آگرہ میں صبح کے وقت درجہ حرارت 16.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر کی ہوا کا معیار خراب رہا اور بعض علاقوں میں حالت معتدل رہی۔ منوہرپور علاقے میں اے کیو آئی 234 ریکارڈ کیا گیا۔ روہتا میں اے کیو آئی 136 اور شاہجہان گارڈن میں 186 درج کیا گیا جو معتدل زمرے میں آتا ہے۔ یہ اعداد و شمار سی پی سی بی کے مطابق ہیں۔

آگرہ کے علاوہ اتر پردیش کے کئی شہروں میں پیر کی صبح سرد لہر کے باعث گھنی دھند دیکھی گئی۔ کانپور میں شدید دھند چھائی رہی اور سردی برقرار رہی تاہم مجموعی طور پر ہوا کا معیار 101 سے 200 کے درمیان معتدل رہا۔ پریاگ راج میں بھی اسی طرح کی صورتحال رہی جہاں گھنی دھند کے ساتھ ہوا کا معیار اسی حد میں ریکارڈ کیا گیا۔

نوئیڈا اور غازی آباد میں دھند کے باعث ریاست کے دیگر شہروں کے مقابلے میں ہوا کا معیار زیادہ خراب رہا۔ نوئیڈا میں ہوا کا معیار انتہائی خراب رہا جہاں سیکٹر 125 میں اے کیو آئی 408 اور سیکٹر 116 میں 438 ریکارڈ کیا گیا۔ غازی آباد میں صورتحال قدرے بہتر رہی تاہم اے کیو آئی 301 سے 400 کے درمیان بہت خراب زمرے میں رہا۔ دونوں شہروں میں صبح کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17.0 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

اترکھنڈ میں ہریدوار بھی سردیوں کی دھند کی لپیٹ میں رہا جس سے حد نگاہ کم ہو گئی اور لوگوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ دہرادون میں صبح کے وقت اے کیو آئی 261 کے ساتھ ہوا کا معیار خراب رہا۔

اس سے قبل آج صبح 8 بجے دہلی میں ہوا کا معیار مزید بگڑ گیا اور اے کیو آئی 402 تک پہنچ گیا جو انتہائی خراب زمرے میں آتا ہے۔ شہر کے کئی علاقوں میں اے کیو آئی 400 سے اوپر ریکارڈ کیا گیا۔ گھنی دھند کے باعث حد نگاہ میں شدید کمی دیکھی گئی اور بہت سے ڈرائیور ہیڈلائٹس جلا کر گاڑیاں چلاتے نظر آئے۔ ان حالات میں شہریوں کو خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔