۔2020 کے دہلی فسادات سے میرے تعلق کا کوئی ثبوت نہیں: عمر خالد

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 31-10-2025
۔2020 کے دہلی فسادات سے میرے تعلق کا کوئی ثبوت نہیں: عمر خالد
۔2020 کے دہلی فسادات سے میرے تعلق کا کوئی ثبوت نہیں: عمر خالد

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی میں فروری 2020 میں ہوئے فسادات سے متعلق یو اے پی اے کیس میں ضمانت کی درخواست کرتے ہوئے کارکن عمر خالد نے جمعہ کو سپریم کورٹ سے کہا کہ اس کا تشدد سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا ہے۔ خالد نے یہ بھی کہا کہ اس کے خلاف سازش رچنے کے جو الزامات لگائے گئے ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔ دہلی پولیس کے دعوؤں کا جواب دیتے ہوئے عمر خالد نے دلیل دی کہ فروری 2020 کے دہلی فسادات سے متعلق 751 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں، لیکن اس پر صرف ایک ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے۔
عمر خالد کی جانب سے سینئر وکیل کپل سبل نے عدالت میں کہا کہ 751 ایف آئی آر درج ہیں، مجھ پر صرف ایک میں الزام لگایا گیا ہے۔ اگر یہ واقعی کوئی سازش ہے تو یہ حیرت کی بات ہے – اگر میں فسادات کا ذمہ دار ہوں۔‘‘ سبل نے مزید بتایا کہ فسادات کے وقت خالد دہلی میں موجود نہیں تھے اور نہ ہی ان سے یا ان کے کہنے پر کوئی ہتھیار، تیزاب یا کسی بھی قسم کا ممنوعہ مواد برآمد ہوا۔ سبل نے کہا کہ ایک بھی گواہ نے ایسا بیان نہیں دیا جو درخواست گزار کو شمال مشرقی دہلی میں ہوئے تشدد کی کسی حقیقی واردات سے جوڑتا ہو۔
 مساوات کی بنیاد پر ضمانت کا حقدار :  عمر خالد
سبل نے دلیل دی کہ خالد مساوات کے اصول پر ضمانت کے حقدار ہیں، کیونکہ ان کے ساتھی کارکنوں نتاشا نروال، دیوانگنا کلِتا اور آصف اقبال تنہا کو جون 2021 میں ضمانت مل چکی ہے۔ سبل نے کہا کہ دہلی ہائی کورٹ نے ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے 17 فروری 2020 کو امراؤتی میں عمر خالد کے بیان کو ’اشتعال انگیز‘ قرار دیا تھا۔ سبل نے کہا کہ یہ یوٹیوب پر موجود ہے، یہ ایک عوامی تقریر تھی، جس میں میں نے (عمر خالد نے) گاندھی کے اصولوں پر بات کی تھی۔
دوسری جانب، گلفشہ فاطمہ کی طرف سے سینئر وکیل ابھیشیک سنگھوی نے کہا کہ وہ اپریل 2020 سے یعنی پانچ سال پانچ مہینے سے جیل میں ہیں۔ سنگھوی نے بتایا کہ مرکزی چارج شیٹ 16 ستمبر 2020 کو داخل کی گئی تھی، لیکن استغاثہ نے ہر سال ضمنی چارج شیٹ داخل کرنا معمول بنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاطمہ کی ضمانت عرضی پر غور کرنے میں غیر معمولی تاخیر ہوئی ہے، جسے 2020 سے اب تک 90 سے زیادہ بار فہرست میں شامل کیا جا چکا ہے۔
دہلی پولیس نے ملزمین کی ضمانت کی مخالفت کی
سینئر وکیل سدھارتھ دیو نے شرجیل امام کی جانب سے کہا کہ پولیس کو اپنی تفتیش مکمل کرنے میں تین سال لگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے (شرجیل نے) فسادات سے تقریباً دو ماہ پہلے یہ تقاریر کی تھیں۔دیو نے مزید کہا کہ ایسا کوئی براہِ راست یا قریبی ثبوت نہیں ہے جس سے یہ ظاہر ہو کہ شرجیل نے تشدد کو بھڑکایا۔ سماعت بے نتیجہ رہی اور اب یہ 3 نومبر کو دوبارہ جاری رہے گی۔
دہلی پولیس نے جمعرات کو ملزمین کی ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پُرامن احتجاج کی آڑ میں حکومت کے خلاف مہم چلا کر ملک کی خودمختاری اور سالمیت پر حملہ کرنے کی سازش کی۔ خالد، شرجیل، گلفشہ فاطمہ اور میران حیدر پر فروری 2020 کے فسادات کے مبینہ مرکزی منصوبہ ساز ہونے کے الزام میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) قانون (یو اے پی اے) اور اُس وقت کے ہندوستانی تعزیری قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ان فسادات میں 53 افراد ہلاک اور 700 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ یہ تشدد شہریت (ترمیمی) قانون (سی اے اے) اور قومی شہری رجسٹر (این آر سی) کے خلاف مظاہروں کے دوران پیش آیا تھا۔