نئی دہلی: نئی دہلی میں بھارت منڈپم کے مقام پر ہندوستانی خلائی تحقیقی ادارے (اسرو) کی جانب سے قومی خلائی دن کے موقع پر ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں ہندوستانی خلائی مسافر گروپ کیپٹن شُبھانشو شُکلا، مرکزی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی جتیندر سنگھ اور اسرو کے چیئرمین وی نارائنن نے شرکت کی۔
تقریب میں خطاب کرتے ہوئے گروپ کیپٹن شُبھانشو شُکلا نے کہا کہ وہ بے حد پُرجوش ہیں کہ ہم کیا کچھ حاصل کرنے جا رہے ہیں۔ دو سال قبل تک ایسا جوش و خروش موجود نہ تھا، لیکن اب صرف ایک برس میں ہم نے اس ولولے کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔ ہمارے سامنے کئی بڑی اور جراتمندانہ منصوبہ بندیاں ہیں، جیسے کہ گگن یان مشن، ہندوستانی خلائی اسٹیشن اور چاند پر اترنے کا عزم۔ اس لیے یہاں موجود تمام بچوں کو پُرجوش ہونا چاہیے، کیونکہ ہمیں تمہاری ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان عظیم اہداف کو حاصل کرنے کے لیے پورے ملک کے وسائل کی ضرورت ہے۔ جو جوش آج اس ہال میں نظر آ رہا ہے، وہ صرف یہاں محدود نہیں، بلکہ دنیا بھر میں ہندوستان کے لیے یہی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ جاپانی اور یورپی خلائی ایجنسیاں ہمارے مشنز کے حوالے سے بے حد پُرجوش ہیں۔ جہاں تک خلا کی کھوج کا تعلق ہے، تو یہ وقت ہمارے ملک کے لیے سنہرا دور ہے۔
اس سے قبل، اسرو کے چیئرمین وی نارائنن نے اپنے خطاب میں کہا کہ قومی خلائی دن کے موقع پر چند اہم شخصیات کا شکریہ ادا کرنا ضروری ہے۔ 23 اگست 2023 ایک تاریخی دن تھا، جب ہندوستان نے چاند کے جنوبی قطب پر کامیابی سے چندریان-3 کو اتارا اور ایسا کرنے والا دنیا کا واحد ملک بن گیا۔
#WATCH | Delhi: Group Captain Shubhanshu Shukla says, "I am so excited to you all so excited about what we are planning to do... Two years ago we did not have this celebration. Within one year, this is the excitement we have managed to build. We have some very big ambitions going… pic.twitter.com/QbV7x3qZSV
— ANI (@ANI) August 23, 2025
وزیراعظم کی دور اندیشی اور وزراء کی رہنمائی نے ہمیں یہ کامیابیاں حاصل کرنے میں مدد دی۔ یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم نے چاند کی سطح پر لینڈنگ کے مقام کا نام "شِو شکتی پوائنٹ" رکھا اور اسی دن کو قومی خلائی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ایک خلائی مسافر کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (ISS) پر بھیجنا ایک بڑی کامیابی تھی، اور اس کا سہرا بھی وزیراعظم کے وژن کو جاتا ہے۔ ان کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے، ہم نے گگن یان کی پرواز سے قبل اپنے ایک مسافر کو ISS پر بھیجا، اور وہ کامیابی سے واپس بھی آیا۔ شُبھانشو شُکلا اس مشن کے ہیرو تھے، لیکن ان کے تین ساتھی خلائی مسافروں کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ہمارے تمام چار خلائی مسافر یکساں اہمیت کے حامل ہیں۔
وی نارائنن نے یہ بھی اعلان کیا کہ ہم جلد ہی چندریان-4 مشن شروع کرنے جا رہے ہیں، اس کے ساتھ وینس آربیٹر مشن بھی لانچ ہوگا۔ 2028 تک ہمارا پہلا خلائی اسٹیشن ماڈیول خلا میں بھیجا جائے گا، اور 2035 تک ہندوستان کا مکمل خلائی اسٹیشن تیار ہوگا۔ وزیراعظم نے نیکسٹ جنریشن لانچر (NGL) کی بھی منظوری دے دی ہے۔ 2040 تک ہندوستان چاند پر دوبارہ اترے گا اور اپنے خلانورد کو بحفاظت واپس لائے گا۔
اُس وقت تک ہمارا خلائی پروگرام دنیا کے کسی بھی دوسرے خلائی پروگرام کے ہم پلہ ہو گا۔ اسرو کے خلائی اطلاقات مرکز کے ڈائریکٹر نیلش ایم دیسائی نے کہا کہ 23 اگست 2023 کو چندریان-3 کا لینڈر چاند کے جنوبی قطب پر کامیابی سے اترا، اور اسی لیے وزیراعظم نے اس دن کو قومی خلائی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔ اس کا مقصد عوام میں خلا سے متعلق شعور بیدار کرنا اور انہیں ہندوستان کی خلائی کامیابیوں سے متاثر کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی خلائی پروگرام کی خاص بات یہ ہے کہ ہم نے سیاروی مشنز میں اکثر پہلی ہی کوشش میں کامیابی حاصل کی ہے۔ صرف چندریان-2 کے لینڈنگ مرحلے میں ناکامی ہوئی تھی، مگر چندریان-3 نے وہ کمی پوری کر دی، اور ہندوستان چاند کے جنوبی قطب پر اترنے والا پہلا ملک بن گیا۔