پارلیمنٹ کا ہنگامہ خیزسرمائی اجلاس مقررہ وقت سے ایک دن قبل ختم

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
پارلیمنٹ کا ہنگامہ خیزسرمائی اجلاس مقررہ وقت سے ایک دن قبل ختم
پارلیمنٹ کا ہنگامہ خیزسرمائی اجلاس مقررہ وقت سے ایک دن قبل ختم

 

 

نئی دہلی:پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس آج ختم ہو گیا۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کاروائی مقررہ وقت سے ایک دن پہلے ہی ملتوی کر دی گئی۔ سرمائی اجلاس 29 نومبر کو شروع ہوا جو 23 دسمبر تک جاری رہا۔ بتایا جا رہا ہے کہ دونوں ایوانوں میں مسلسل ہنگامہ آرائی کے باعث اجلاس جلد ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اپوزیشن کے ہنگامے کے باوجود کچھ اہم بل ایوانوں میں منظور کر لیے گئے۔ ووٹر آئی ڈی کو آدھار کارڈ سے جوڑنے کا بل منگل کو راجیہ سبھا میں پاس ہو گیا۔

اپوزیشن نے بل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کیا، جبکہ ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے ایم پی ڈیرک اوبرائن نے نامہ نگاروں کی میز پر رول بک پھینک دی، جس کے بعد انہیں ایوان سے معطل کر دیا گیا۔

الیکشن قانون ترمیمی بل 2021 پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کر لیا گیا ہے۔ اس میں ووٹر لسٹ سے نقل کو ختم کرنے کی دفعات ہیں۔ ایوان میں اپوزیشن کی جانب سے بھی اس بل کی شدید مخالفت کی گئی۔ اپوزیشن رہنماؤں نے ایوان میں اس کے خلاف نعرے لگائے اور ویل میں چلے گئے۔

انہوں نے بل کو سلیکٹ کمیٹی کو بھیجنے کا مطالبہ کیا۔ بل کی حمایت کرنے والی متعدد جماعتوں کے ارکان کے ساتھ ایک گھنٹہ طویل بحث کے بعد بالآخر اسے منظور کر لیا گیا۔ سرمائی اجلاس پہلے دن سے ہی ہنگامہ خیز رہا۔ اپوزیشن راجیہ سبھا کے 12 معطل ارکان کے معاملے پر اڑی رہی۔

اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ معطلی غیر آئینی ہے۔ معطل ارکان پارلیمنٹ بھی ہر روز پارلیمنٹ کے احاطے میں گاندھی مجسمہ کے پاس دھرنا دے رہے تھے۔

واضح رہے کہ راجیہ سبھا کے چیرمین وینکیا نائیڈو نے مانسون اجلاس کے دوران ان ارکان اسمبلی کو غیر تسلی بخش رویے پر معطل کر دیا تھا۔ راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے معطل ارکان کے ناموں کا اعلان کیا۔ ان میں 6 کانگریس ایم پی شامل ہیں.

اپوزیشن لکھیم پور کھیری معاملے میں مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتی رہی۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ حکومت ٹینی کو تحفظ دے رہی ہے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھی ٹینی کے استعفیٰ کا مسئلہ لگاتار اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ مرکز اس پر بحث سے بھاگ رہا ہے۔ ٹینی کے استعفیٰ پر لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی کئی بار ملتوی کی گئی۔