نئی دہلی
اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کے روز سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور کانگریس پر سخت تنقید کرتے ہوئے رام بھکتوں کو یقین دلایا کہ ایس آئی ٹی کی جانچ ’’دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی‘‘ کر دے گی۔رام مندر کے لیے 500 برسوں پر محیط جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے بھگوان رام کے مقام کی بازیابی کے لیے پانچ سو سال تک جدوجہد کی ہے، اس لیے اب صرف 15 دن اور انتظار کر لیجیے، فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو ایودھیا کے رودولی اسمبلی حلقے میں 378 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے سرکاری آیورویدک کالج اور اسپتال سمیت 126 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا۔
ویرانگنا جھلکاری بائی کے گھڑسوار مجسمے کی نقاب کشائی کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں گزشتہ نو برسوں کے دوران اتر پردیش نے جو ترقی کی ہے، وہ سماجی یکجہتی اور سب کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ایودھیا میں شری رام مندر کے چندہ بکس اور مالیاتی انتظامات میں مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ سامنے آنے کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ پہلی بار جمعہ کو ایودھیا کے دورے پر پہنچے۔ اس معاملے کی جانچ کے لیے انہوں نے حال ہی میں لکھنؤ کے ڈویژنل کمشنر کی قیادت میں تین رکنی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی ہے۔
رام بھکتوں کو یقین دلاتے ہوئے یوگی نے کہا کہ میری تمام رام بھکتوں سے اپیل ہے کہ ایودھیا کے بارے میں جو خبریں اخبارات میں سامنے آئی ہیں، ان کے سلسلے میں ٹرسٹ کی درخواست پر ہم نے ایس آئی ٹی جانچ بٹھائی ہے۔ میں پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ایس آئی ٹی کی جانچ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر کے رہے گی۔