اومیکرون کے کل کیسز بڑھ کر 415 ہو گئے

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 25-12-2021
اومیکرون کے کل کیسز بڑھ کر 415 ہو گئے
اومیکرون کے کل کیسز بڑھ کر 415 ہو گئے

 

 

نئی دہلی: ملک بھر میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے کل کیسز بڑھ کر 415 ہو گئے ہیں۔ اومیکرون نے ایک ہی دن میں کیسز میں 16 فیصد اضافہ درج کیا ہے۔

گزشتہ روز (جمعہ 24 دسمبر) ملک بھر میں اومیکرون کے مریضوں کی کل تعداد 358 تھی جو آج بڑھ کر 415 ہو گئی ہے۔ کل کیسز میں سے 115 مریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔ ایک دن میں صرف ایک مریض ٹھیک ہوا ہے۔ یعنی انفیکشن کی رفتار بہت تیز ہے جبکہ اس سے صحت یاب ہونے کی رفتار بہت سست ہے۔اومی کرون ویرینٹ اب ملک کی17 ریاستوں میں پھیل چکا ہے۔

مہاراشٹر میں سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ وہاں اومیکرون کے کل 108 کیس درج کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 42 مریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔ دہلی اس معاملے میں دوسرے نمبر پر ہے۔ یہاں کل 79 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں سے 23 مریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔

ان کے علاوہ گجرات میں 43، تلنگانہ میں 38، کیرالہ میں 37، تمل ناڈو میں 34، کرناٹک میں 31، راجستھان میں 22 کیس درج کیے گئے ہیں۔ ہریانہ، اڈیشہ اور آندھرا پردیش میں 4-4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جب کہ جموں و کشمیر اور مغربی بنگال میں تین تین اومیکرون کیس ہیں۔

اومیکرون کے دو کیس اتر پردیش میں رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ چندی گڑھ، لداخ اور اتراکھنڈ میں ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔ اتراکھنڈ اور چندی گڑھ کے دونوں مریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔ اس خطرے کے درمیان، ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 7,189 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

گزشتہ روز کی نسبت کورونا کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایک دن پہلے ہی کورونا کے 6650 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 7,286 رہی۔