نیہا سنگھ راٹھور کی گرفتاری پر سپریم کورٹ نے لگائی روک

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-01-2026
نیہا سنگھ راٹھور کی گرفتاری پر  سپریم کورٹ نے لگائی روک
نیہا سنگھ راٹھور کی گرفتاری پر سپریم کورٹ نے لگائی روک

 



لکھنؤ/ آواز دی وائس
نیہا سنگھ راٹھور کو سپریم کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ سپریم کورٹ نے نیہا سنگھ راٹھور کی گرفتاری پر روک لگا دی ہے۔ فی الحال ان کی گرفتاری پر عبوری پابندی عائد کی گئی ہے۔ یہ معاملہ پہلگام میں پیش آئے دہشت گردانہ واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹس کے بعد شروع ہوا تھا، جس کے بعد نیہا سنگھ راٹھور کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اسی معاملے میں الہ آباد ہائی کورٹ نے نیہا سنگھ راٹھور کی پیشگی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی، جس کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے اب انہیں اس معاملے میں بڑی راحت فراہم کی ہے۔ اس کے بعد نیہا سنگھ راٹھور کا ایک بیان ایکس (سابق ٹوئٹر) پر سامنے آیا، جس میں انہوں نے کہا کہ معزز سپریم کورٹ نے میری گرفتاری پر روک لگا دی ہے۔ اس بڑی راحت کے لیے آپ سب کا شکریہ۔
حکومت اور شکایت کنندہ کو نوٹس جاری
سپریم کورٹ نے اس معاملے میں اتر پردیش حکومت اور شکایت کنندہ کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے ہدایت دی ہے کہ نیہا سنگھ راٹھور کے خلاف کوئی تعزیری کارروائی نہ کی جائے۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے انہیں تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونے اور تفتیش میں تعاون کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
ہائی کورٹ سے سپریم کورٹ تک معاملہ
بتایا گیا ہے کہ نیہا سنگھ راٹھور کا بیان دن میں درج کیا جائے گا۔ پولیس کی جانب سے کال آنے کے بعد وہ اپنا بیان ریکارڈ کرانے جائیں گی۔ پہلگام واقعے کے بعد کی گئی پوسٹس کے سلسلے میں شاعر ابھے نربھیک کی جانب سے حضرت گنج تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی۔ اس مقدمے میں نیہا سنگھ راٹھور کی گرفتاری کا خدشہ برقرار تھا، جس پر انہوں نے ہائی کورٹ میں گرفتاری پر روک کی اپیل کی تھی، تاہم ہائی کورٹ نے درخواست مسترد کر دی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے سپریم کورٹ کا رخ کیا، جہاں سے انہیں اب راحت ملی ہے۔