ایس آئی ٹی نے سبریمالا کے سابق پجاری کو حراست میں لیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-01-2026
ایس آئی ٹی نے سبریمالا کے سابق پجاری کو حراست میں لیا
ایس آئی ٹی نے سبریمالا کے سابق پجاری کو حراست میں لیا

 



آواز دی وائس
سبریمالا سونے کی چوری کے معاملے میں ایس آئی ٹی نے سبریمالا کے سابق چیف پجاری (تنتری) کندارارو راجیو سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ کیرالہ پولیس کے مطابق تنتری کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس معاملے سے متعلق ان سے سوال جواب کیے جا رہے ہیں۔
یہ کارروائی مندر کے احاطے سے قیمتی سونے کے زیورات کے غائب ہونے کی جانچ کے دوران کی گئی ہے۔ گزشتہ دنوں مندر کے اندر سونے کی چوری کا معاملہ سامنے آیا تھا، جس کے بعد تحقیقات کا آغاز ہوا۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے حکومت نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی تھی۔
جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چوری کا واقعہ مندر کے اندرونی نظام سے جڑا ہو سکتا ہے۔ سابق چیف پجاری کندارارو راجیوارو، جو مندر کے سب سے سینئر مذہبی عہدیدار ہیں اور جنہیں پوجا کے سامان اور زیورات تک براہِ راست رسائی حاصل ہے، ان سے خصوصی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ ایس آئی ٹی کو شبہ ہے کہ اس معاملے میں ان کا اہم کردار ہو سکتا ہے۔
پجاری کی حراست نے اس پورے معاملے کو مزید حساس بنا دیا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر ملازمین اور افسران سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔ سبریمالا مندر نہ صرف مذہبی عقیدت کا مرکز ہے بلکہ سیاسی اعتبار سے بھی یہ معاملہ انتہائی حساس سمجھا جا رہا ہے۔
سبریمالا مندر کی کہانی: ابتدا اور عقائد
سبریمالا کیرالہ کے ضلع پتھانم تھٹہ میں ایک پہاڑی کی چوٹی پر واقع ایک مشہور ہندو مندر ہے۔ یہ پیریار ٹائیگر ریزرو میں واقع ہے اور 18 پہاڑیوں سے گھرا ہوا ہے۔ یہ مندر دیوتا اییاپا کے نام سے منسوب ہے۔ یہ مندر کیرالہ، تمل ناڈو، کرناٹک اور آندھرا پردیش کے ساتھ ساتھ ملک اور دنیا کے مختلف حصوں سے آنے والے یاتریوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ مندر میں صرف نومبر–دسمبر میں منڈل پوجا، 14 جنوری کو مکر سنکرانتی، 14 اپریل کو مہا وِشو سنکرانتی اور ہر ملیالم مہینے کے ابتدائی پانچ دنوں میں ہی پوجا پاٹھ کی اجازت ہوتی ہے۔
سبریمالا ایک قدیم مندر ہے۔ اس کی تعمیر کے بعد تقریباً تین صدیوں تک یہ مندر تقریباً ناقابلِ رسائی رہا۔ بارہویں صدی میں پانڈالم خاندان کے شہزادے مانیکندن نے سبریمالا تک پہنچنے کے قدیم راستے کو دوبارہ دریافت کیا۔ ان کے ساتھ کئی پیروکار بھی تھے، جن میں واور (ایک مسلم جنگجو جسے مانیکندن نے شکست دی تھی) کے خاندان کے افراد بھی شامل تھے۔ اس شہزادے کو اییاپا کا اوتار مانا جاتا ہے۔ روایت ہے کہ انہوں نے سبریمالا مندر میں تپسیا کی اور بعد میں خدا میں ضم ہو گئے۔
سبریمالا کے یاتریوں کو گھنے جنگل سے گزر کر سخت پیدل سفر کے ذریعے مندر تک پہنچنا پڑتا ہے، کیونکہ وہاں تک گاڑیاں نہیں جا سکتیں۔ سبریمالا جانے سے قبل یاتریوں کو 41 دن تک برہم چریہ کی پابندی کرنا ہوتی ہے۔ انہیں سختی سے سبزی خور غذا اختیار کرنا، شراب سے پرہیز کرنا، گالی گلوچ نہ کرنا اور بال و ناخن بغیر کاٹے بڑھنے دینا لازم ہوتا ہے۔ ان سے دن میں دو بار اسنان کرنے اور باقاعدگی سے مقامی مندروں میں درشن کرنے کی توقع کی جاتی ہے۔ یاتری سیاہ یا نیلے رنگ کے کپڑے پہنتے ہیں، یاترا مکمل ہونے تک داڑھی نہیں بنواتے اور ماتھے پر وبھوتی یا چندن کا لیپ لگاتے ہیں۔