تھریشور
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے شفافیت کا مطالبہ کیے جانے پر شروع ہونے والے سیاسی تنازعے کے درمیان آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا ہے کہ انہیں کرناٹک کے وزیر داخلہ پریانک کھڑگے کے ایسے مطالبات کا جواب دینے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنگھ اس قسم کے "سیاسی ہتھکنڈوں" کا عادی ہے۔ ان کا استدلال تھا کہ ہندو دھرم بھی رجسٹرڈ نہیں ہے۔
موہن بھاگوت ایک پروگرام کے دوران کرناٹک حکومت کے اس الزام کا جواب دے رہے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ آر ایس ایس کی سرگرمیاں "خفیہ" ہیں اور اسے رجسٹر کرایا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے جواب دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ بہت سی ایسی چیزیں ہیں جو رجسٹرڈ نہیں ہیں، اور ہم خفیہ نہیں ہیں۔ ہم کھلے عام کام کرتے ہیں۔ ہم لوگوں کو بلاتے ہیں اور انہیں سنگھ کے بارے میں بتاتے ہیں۔ یہ سیاست ہے اور اس طرح کے تمام ہتھکنڈے آزمائے جا رہے ہیں۔ ہم اس کے عادی ہیں۔ سنگھ کے قیام کے 10 سے 15 سال بعد ہی ہمیں ان سب چیزوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس لیے ہم ان حالات کے عادی ہیں۔
ایک مثال دیتے ہوئے آر ایس ایس سربراہ نے کہا کہ معاشرے کے کئی بنیادی پہلو رسمی طور پر رجسٹرڈ نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندو دھرم رجسٹرڈ نہیں ہے۔ بہت سی چیزیں رجسٹرڈ نہیں ہیں۔ حکومت نے ہم پر دو مرتبہ پابندی عائد کی تھی اور وہ پابندیاں ایک بار عدالت کے حکم سے اور دوسری بار ستیہ گرہ کے ذریعے ہٹائی گئیں۔ اس لیے حکومت جانتی ہے کہ آر ایس ایس کا وجود ہے۔ اگر حکومت نے آر ایس ایس پر پابندی لگائی تو اس کا مطلب ہے کہ اس نے ہمارے وجود کو تسلیم کیا۔موہن بھاگوت نے ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے الزامات سیاسی محرکات پر مبنی ہیں اور انہیں سنجیدگی سے نہیں لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب سیاست ہے، اس میں کوئی سنجیدہ بات نہیں۔ ایک طرف وہ سنگھ کے کام میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں اور دوسری طرف لوگوں کے ذہنوں میں شکوک پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن اب ایسا ممکن نہیں کیونکہ لوگ ہمیں اچھی طرح جانتے ہیں۔"خفیہ تنظیم" کے الزام پر بات کرتے ہوئے انہوں نے سنگھ کی سرگرمیوں کے عوامی کردار کو اجاگر کیا۔
بھاگوت نے کہا کہ وہ کہتے ہیں کہ ہم خفیہ ہیں۔ ہمارے کارکن تمام علاقوں میں رہتے ہیں، لوگ انہیں روزانہ دیکھتے ہیں۔ ہماری شاخیں کھلے میدانوں میں لگتی ہیں اور لوگ انہیں روز دیکھتے ہیں۔ ہمارے عوامی پروگرام منعقد ہوتے ہیں۔
دوسری جانب پیر کے روز پریانک کھڑگے نے موہن بھاگوت کو لکھے گئے اپنے کھلے خط کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قانونی اور آئینی نوعیت کے سوالات اٹھائے ہیں جن کا جواب خود آر ایس ایس کو دینا چاہیے۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ان کے خط میں اٹھائے گئے نکات تنظیم کی قانونی حیثیت سے متعلق ہیں اور ان پر وضاحت دینا ان کی ذمہ داری نہیں۔کرناٹک کے وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کے خط کا مقصد آئینی اور قانونی امور پر وضاحت حاصل کرنا تھا اور آر ایس ایس قیادت کو ان سوالات کا جواب دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میرا مؤقف بالکل واضح ہے۔ میں نے کچھ قانونی معاملات اٹھائے ہیں اور چند آئینی سوالات پوچھے ہیں۔ موہن بھاگوت جواب دیں، آر ایس ایس جواب دے۔ میں کیوں جواب دوں؟ رجسٹریشن تو انہوں نے نہیں کرایا۔ وہ رجسٹریشن کیوں نہیں کروا رہے، اس کا جواب میں کیسے دے سکتا ہوں؟
اپنے خط میں پریانک کھڑگے نے آر ایس ایس کی قانونی حیثیت، مالی شفافیت اور آئینی جوابدہی کے بارے میں وضاحت طلب کی تھی، کیونکہ تنظیم اپنے قیام کے 100 سال مکمل کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو تنظیم ہندوستان اور بیرونِ ملک 60 ہزار سے زیادہ شاخوں اور کروڑوں رضاکاروں کا دعویٰ کرتی ہے، اس کی عوامی زندگی میں نمایاں موجودگی ہے، لہٰذا اسے شفافیت، جوابدہی اور آئینی اصولوں کی پاسداری کے اعلیٰ ترین معیارات پر عمل کرنا چاہیے۔