ملک بھر کے اسکولوں میں ایک ہی یونیفارم،سپریم کورٹ میں عرضی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 13-02-2022
ملک بھر کے اسکولوں میں ایک ہی یونیفارم،سپریم کورٹ میں عرضی
ملک بھر کے اسکولوں میں ایک ہی یونیفارم،سپریم کورٹ میں عرضی

 

 

نئی دہلی: کرناٹک میں حجاب تنازعہ کے درمیان ملک بھر کے اسکولوں اور کالجوں میں ایک ڈریس کوڈ کو نافذ کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

قانون کے ایک طالب علم نکھل اپادھیائے نے اس سلسلے میں سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی دائر کی ہے۔

اس میں ڈریس کوڈ کو مساوات اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے۔ درخواست گزار نے اس پر جلد سماعت کا مطالبہ کیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ذات پات، فرقہ پرستی، تعصب اور علیحدگی پسندی کے خطرے کو کم کرنے کے لیے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں مشترکہ ڈریس کوڈ کا نفاذ ضروری ہے۔

اس کے لیے مرکز کو عدالتی کمیشن یا ماہرین کی کمیٹی بنانے کی ہدایت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کمیٹی کا کام طلبہ میں اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔

درخواست گزار نے استدلال کیا ہے کہ اسکولوں کا مقصد علم، روزگار اور قوم کی تعمیر میں حصہ ڈالنا ہے نہ کہ مذہبی طریقوں پر عمل کرنا۔ اگر آنے والے وقتوں میں ناگا سادھو کالج میں داخلہ لے کر مذہبی روایت کا حوالہ دیتے ہوئے بغیر کپڑوں کے کلاس میں پہنچ گئے تو کیا ہوگا؟

درخواست میں حجاب کے حامی مظاہروں کا حوالہ دیا گیا ہے۔ پٹیشن میں کرناٹک میں حجاب کے تنازع پر قومی راجدھانی دہلی میں ہونے والے مظاہروں کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی لا کمیشن آف انڈیا کو 3 ماہ کے اندر قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ مرکز اور ریاستوں کو تعلیمی اداروں کے لیے ڈریس کوڈ کو لاگو کرنے کے لیے ہدایات جاری کی جائیں۔

یہ ذات پرستی، فرقہ پرستی کے سب سے بڑے خطرے کو کم کرنے کے لیے ضروری ہے۔ اس سے طلباء میں برابری کا احساس پیدا ہوگا، کیونکہ اسکول ایسی جگہیں ہیں جہاں کسی قسم کا امتیاز نہیں ہونا چاہیے۔