نئی دہلی/ آواز دی وائس
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے الزام عائد کیا ہے کہ مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منریگا) کو ختم کرنے کا فیصلہ براہِ راست وزیرِ اعظم دفتر نے کیا اور اس سلسلے میں نہ تو کابینہ سے مشاورت کی گئی اور نہ ہی دیہی ترقی کے وزیر شیو راج سنگھ چوہان سے رائے لی گئی۔ راہل گاندھی نے کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ منریگا محض ایک اسکیم نہیں تھی بلکہ یہ حقوق پر مبنی ایک تصور تھا۔ اس اسکیم کو ختم کرنا اسی تصور پر حملہ ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کا یہ قدم ملک کے وفاقی ڈھانچے پر حملہ ہے اور اس سے اختیارات اور مالی نظام کی مرکزیت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر (شیوراج) اور کابینہ سے پوچھے بغیر یہ فیصلہ لیا گیا اور براہِ راست وزیرِ اعظم دفتر کے ذریعے نافذ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں ’ون مین شو‘ چل رہا ہے، مودی جو چاہتے ہیں وہی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ نے اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان 18 دسمبر کو ’وکست دیش—جے رام جی بل، 2025‘ کو منظوری دی تھی۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو کی منظوری کے بعد یہ بل اب قانون بن چکا ہے، جو 20 سال پرانی منریگا اسکیم کی جگہ لے گا۔