کولکتہ
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی صبح یہاں ہگلی دریا میں کشتی کی سیر کی اور ملاحوں اور صبح کی سیر کرنے والے لوگوں سے ملاقات کی۔مودی نے اپنی اس کشتی سواری کی کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جن میں وہ ہاتھ میں کیمرہ لیے لکڑی کی ایک کشتی پر بیٹھے نظر آ رہے ہیں۔ تصاویر میں پس منظر میں ہاوڑہ برج اور ودیا ساگر سیٹو بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ میں نے اس عظیم دریا کی تصاویر لینے کی کوشش کی۔ ساتھ ہی ودیا ساگر سیٹو اور ہاوڑہ برج کو قریب سے دیکھنے کا موقع بھی ملا۔انہوں نے کہا کہ ہر بنگالی کے لیے دریائے گنگا کی خاص اہمیت ہے۔
مودی نے کہا کہ یہ کہا جا سکتا ہے کہ گنگا بنگال کی روح میں بہتی ہے۔ اس کے مقدس پانی میں ایک مکمل تہذیب کی لازوال روح جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج صبح کولکتہ میں میں نے ہگلی دریا کے کنارے کچھ وقت گزارا، جو ماں گنگا کے تئیں شکرگزاری ظاہر کرنے کا ایک موقع تھا۔وزیر اعظم نے بتایا کہ انہیں "ملاحوں سے ملنے کا موقع ملا، جن کی محنت قابلِ تعریف ہے، اور ساتھ ہی صبح کی سیر کرنے والوں سے بھی ملاقات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ہگلی کے کنارے ہم نے مغربی بنگال کی ترقی اور عظیم بنگالی عوام کی خوشحالی کے لیے کام کرنے کے اپنے عزم کو دہرایا۔وزیر اعظم اس وقت مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیے سرگرم انتخابی مہم چلا رہے ہیں، جس کا پہلا مرحلہ جمعرات کو مکمل ہو چکا ہے۔
انتخابات کا دوسرا مرحلہ 29 اپریل کو ہوگا جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو کی جائے گی۔