نئی دہلی
کانگریس نے جمعرات کے روز الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ذات مردم شماری کو مؤخر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔پارٹی کے جنرل سیکرٹری جے رام رمیش نے یہ بھی کہا کہ ذات مردم شماری کے مطالبے پر کانگریس کو “اربن نکسل سوچ” سے جوڑنے پر وزیر اعظم کو پارٹی قیادت سے معافی مانگنی چاہیے۔
رمیش نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ آج سے ٹھیک ایک سال قبل مودی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ آئندہ مردم شماری میں پوری آبادی کی ذات کی بنیاد پر گنتی شامل کی جائے گی۔ وزیر اعظم کے اس اچانک ‘یو ٹرن’ سے متعلق حالیہ واقعات کا سلسلہ یہ ہے۔انہوں نے کہا کہ 21 جولائی 2021 کو وزیر داخلہ امت شاہ نے لوک سبھا میں ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ حکومت نے پالیسی کے طور پر ذات پر مبنی مردم شماری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کانگریس رہنما کے مطابق 21 ستمبر 2021 کو حکومت نے سپریم کورٹ میں ایک حلف نامہ داخل کیا تھا جس میں کہا گیا کہ اگر عدالت ذات پر مبنی مردم شماری کا حکم دے تو یہ حکومت کی پالیسی میں مداخلت کے مترادف ہوگا۔جے رام رمیش نے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 16 اپریل 2023 کو انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ باقاعدہ مردم شماری کے ساتھ ذات مردم شماری بھی کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 28 اپریل 2024 کو ایک ٹی وی انٹرویو میں وزیر اعظم نے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ذات مردم شماری کا مطالبہ “اربن نکسل سوچ” کی علامت ہے۔ کانگریس کے مطابق وزیر اعظم کو اس الزام پر پارٹی قیادت سے معافی مانگنی چاہیے۔
جے رام رمیش نے کہا کہ اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ وزیر اعظم کو عوام کو یہ بتانا چاہیے کہ 30 اپریل 2025 کو جب انہوں نے ذات مردم شماری کا اعلان کیا تو انہوں نے اپنی “اربن نکسل سوچ” سے خود کو کیسے متاثر ہونے دیا۔انہوں نے کہا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود یہ واضح نہیں ہے کہ یہ مردم شماری کس طرح کی جائے گی۔ اس حوالے سے نہ تو اپوزیشن جماعتوں اور ریاستی حکومتوں سے کوئی مشاورت ہوئی ہے اور نہ ہی ماہرین سے کوئی بامعنی گفتگو کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس صدر نے 5 مئی 2025 کو بھی اس معاملے پر وزیر اعظم کو خط لکھا تھا، لیکن اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔جے رام رمیش کے مطابق اس خط میں اٹھائے گئے سوالات آج بھی اتنے ہی اہم ہیں، بلکہ حالیہ پارلیمانی سیشن کے بعد یہ مزید اہم ہو گئے ہیں، جہاں یہ واضح ہوا کہ وزیر اعظم ذات مردم شماری کو مؤخر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔