اوڈیشہ حکومت نے کابینہ کی میٹنگ میں 12 بڑے فیصلوں کو منظوری دی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-07-2026
اوڈیشہ حکومت نے  کابینہ کی میٹنگ میں 12 بڑے فیصلوں کو منظوری دی
اوڈیشہ حکومت نے کابینہ کی میٹنگ میں 12 بڑے فیصلوں کو منظوری دی

 



بھونیشور
اڈیشہ حکومت نے جمعرات کو ریاست کی ترقی کو نئی رفتار دینے کے مقصد سے 12 اہم تجاویز کو منظوری دے دی۔ ان میں 2,295 کروڑ روپے کے ڈیپ سی فشنگ مشن، جھینگا (شرمپ) کی افزائش کو فروغ دینے کے لیے نئی پالیسی، 268 کروڑ روپے کے جدید ڈیٹا سینٹر، نویں اور دسویں جماعت تک دوپہر کے کھانے کی اسکیم کی توسیع، اور کئی بڑی سڑک و آبی وسائل کی ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔
یہ فیصلے وزیر اعلیٰ کی صدارت میں منعقدہ ریاستی کابینہ کے 43ویں اجلاس میں کیے گئے۔اجلاس کے بعد چیف سیکریٹری انو گرگ نے بتایا کہ ماہی پروری اور مویشی پروری محکمہ کے تحت ریاست میں وائٹ لیگ شرمپ (جھینگا) کی افزائش کو فروغ دینے کے لیے ایک جامع ضابطہ جاتی فریم ورک اور عملی رہنما اصولوں کو منظوری دی گئی ہے۔ یہ پالیسی اندرونِ ملک نمکین پانی، کھارے پانی والے علاقوں اور کوسٹل ایکوا کلچر اتھارٹی (سی اے اے) کے دائرہ اختیار سے باہر واقع علاقوں میں نافذ کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ جھینگا کی افزائش کے لیے اجازت یافتہ علاقے کی حد کو ہائی ٹائیڈ لائن سے 2 کلومیٹر سے بڑھا کر 10 کلومیٹر تک کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے ریاست میں جھینگا کی سالانہ پیداوار 1.6 لاکھ ٹن سے بڑھ کر 9 لاکھ ٹن تک پہنچنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً 25 ہزار ہیکٹر اضافی اراضی پر افزائش کی جائے گی، جبکہ سال 2036 تک سمندری خوراک کی برآمدات کو 4,000 کروڑ روپے سے بڑھا کر 25,000 کروڑ روپے تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
۔2,295 کروڑ روپے کا ڈیپ سی فشنگ مشن
کابینہ نے 2,295 کروڑ روپے کے ڈیپ سی فشنگ مشن کو بھی منظوری دے دی ہے۔ اس مشن کے تحت جدید گہرے سمندر میں ماہی گیری کے جہاز، جدید ٹرالرز، مدر ویسلز، فشنگ ہاربرز، سی فوڈ پارکس، کولڈ چین نیٹ ورک، ویلیو ایڈیشن سہولیات، ڈیجیٹل ماہی گیری انتظامی نظام، ویسل مانیٹرنگ سسٹم اور سمندری تحفظ کے اقدامات کو فروغ دیا جائے گا۔
انو گرگ نے کہا کہ اس مشن کے تحت "بلو اکانومی ہب" (بی-ہب) کے نام سے ایک علمی مرکز بھی قائم کیا جائے گا۔ اس منصوبے سے 50 ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہونے، سمندری مچھلی کی پیداوار میں 2 لاکھ میٹرک ٹن اضافے اور سال 2036 تک سمندری مصنوعات کی سالانہ برآمدات کو 5,000 کروڑ روپے تک پہنچانے کی توقع ہے۔
۔268 کروڑ روپے کا نیا ڈیٹا سینٹر
ریاستی حکومت نے بھونیشور میں 268 کروڑ روپے کی لاگت سے ٹائر-3 معیار کا "ڈیٹا سینٹر 2.0" قائم کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ یہ مرکز حکومت سے حکومت (جی ٹو جی)، حکومت سے کاروبار (جی ٹو بی) اور حکومت سے شہری (جی ٹو سی) ڈیجیٹل خدمات کو مزید مضبوط کرے گا۔
سڑک اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبے
کابینہ نے بھونیشور میں دو اہم سڑک منصوبوں کی بھی منظوری دی ہے، جن میں کلنگا اسٹیڈیم سے رگھوناتھ پور برج کوریڈور اور جے دیو وہار-نندن کانن روڈ منصوبہ شامل ہیں۔ ان منصوبوں پر 579 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے اور انہیں 24 ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ان منصوبوں کے تحت فلائی اوور، انڈر پاس، پارکنگ، سب وے اور تجارتی سہولیات تیار کی جائیں گی تاکہ ٹریفک کے دباؤ کو کم کیا جا سکے اور بہتر رابطہ فراہم کیا جا سکے۔
اس کے علاوہ، سندر گڑھ ضلع میں دُدکا-گوپال پور-ٹوپاریا ڈائیورژن روڈ (6.8 کلومیٹر) کی تعمیر کے لیے 160 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے، جس سے کان کنی، سیاحت اور مقامی رابطہ کاری کو فروغ ملے گا۔
آبی تحفظ کے منصوبے
محکمہ آبی وسائل کے تحت دو ان-اسٹریم اسٹوریج ڈھانچوں کو منظوری دی گئی ہے۔ ان میں کالاہانڈی ضلع کے بیل گاؤں (کیسنگا بلاک) میں 256 کروڑ روپے اور برگڑھ ضلع میں اوم ندی پر جموتپالی میں 159 کروڑ روپے کے منصوبے شامل ہیں۔ان منصوبوں کا مقصد پانی کا تحفظ، زیر زمین پانی کی سطح میں بہتری اور 41 دیہات کو مستقل پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
بجلی اور تعلیم
محکمہ مالیات نے ریاست کے بجلی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے 765 کے وی صلاحیت کے تین گرڈ سب اسٹیشنوں کی تعمیر کے لیے 200 ایکڑ اراضی مختص کرنے کی منظوری دی ہے۔
دوسری جانب، اسکول اور عوامی تعلیم کے محکمہ کے تحت دوپہر کے کھانے کی اسکیم کا دائرہ بڑھا کر نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ تک توسیع دے دی گئی ہے۔ کابینہ نے آئندہ چار برسوں تک اس اسکیم کو جاری رکھنے کی منظوری دی ہے۔
اس اسکیم سے تقریباً 7.41 لاکھ طلبہ مستفید ہوں گے، جبکہ اس پر آئندہ پانچ برسوں کے دوران 4,224 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔