نئی دہلی
ملک میں ایک جانب خواتین مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں، تو دوسری جانب ان کی ڈیجیٹل رسائی اور معاشی خودمختاری میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔ قومی خاندانی صحت سروے (این ایف ایچ ایس-6) کی رپورٹ کے مطابق خواتین کے درمیان انٹرنیٹ کے استعمال میں تقریباً دوگنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2019-21 میں خواتین میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی شرح 33.3 فیصد تھی، جو 2023-24 میں بڑھ کر 64.3 فیصد ہو گئی ہے۔
صرف دو برس میں انٹرنیٹ استعمال دوگنا
این ایف ایچ ایس-5 (2019-21) کے دوران تحقیق میں معلوم ہوا تھا کہ 33.3 فیصد خواتین نے کم از کم ایک بار انٹرنیٹ استعمال کیا تھا۔ تاہم اگلے دو برسوں میں یہ شرح تقریباً دوگنی ہو گئی، جو خواتین میں ڈیجیٹل رسائی اور ٹیکنالوجی کے استعمال میں بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہے۔
بینک اور بچت کھاتوں میں اضافہ
رپورٹ کے مطابق جن خواتین کے پاس بینک یا بچت کھاتہ موجود ہے، ان کی شرح 2019-21 میں 78.6 فیصد تھی، جو 2023-24 میں بڑھ کر 89 فیصد ہو گئی۔اسی طرح ذاتی موبائل فون رکھنے والی خواتین کا تناسب 2019-21 کے 53.9 فیصد سے بڑھ کر 2023-24 میں 63.6 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
ماہواری سے متعلق شعور میں بھی اضافہ
مرکزی وزارتِ صحت کے مطابق این ایف ایچ ایس-6 کے اعداد و شمار خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت اور مالی بااختیاری میں مسلسل پیش رفت کی عکاسی کرتے ہیں۔15 سے 24 سال عمر کی لڑکیوں اور خواتین میں ماہواری کے دوران صفائی کے محفوظ طریقوں کے استعمال کی شرح بھی بڑھی ہے۔ یہ شرح 2019-21 میں 77.6 فیصد تھی، جو 2023-24 میں بڑھ کر 79.2 فیصد ہو گئی۔
وزارت کے مطابق قومی کشور صحت پروگرام کے تحت ماہواری صفائی اسکیم (ایم ایچ ایس) اور جن اوشدھی یوجنا کے ذریعے سستے سینیٹری مصنوعات کی دستیابی نے اس سلسلے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
پائیدار ترقیاتی اہداف کی جانب پیش رفت
وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ان نتائج سے زچہ و بچہ کی صحت، غذائیت، خواتین کو بااختیار بنانے اور بنیادی خدمات تک رسائی کے شعبوں میں مسلسل بہتری ظاہر ہوتی ہے۔تاہم رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ غیر متعدی بیماریوں میں اضافہ، طرزِ زندگی سے جڑے صحت کے خطرات، بالغ افراد میں غذائی قلت اور بڑھتے ہوئے موٹاپے جیسے چیلنجز اب بھی موجود ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے احتیاطی صحت کی دیکھ بھال، رویوں میں مثبت تبدیلی اور متوازن غذائی حکمتِ عملیوں پر مسلسل توجہ دینا ضروری ہے۔
وزارت کے مطابق مجموعی طور پر یہ نتائج اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ہندوستان پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کی سمت میں مسلسل پیش رفت کر رہا ہے۔