نئی دہلی: حکومت نے پیر کو پارلیمنٹ کو بتایا کہ گزشتہ پانچ اسیسمنٹ برسوں کے دوران انکم ٹیکس ریٹرن (آئی ٹی آر) میں 100 کروڑ روپے یا اس سے زیادہ مجموعی آمدنی (Gross Total Income) ظاہر کرنے والے افراد کی تعداد چار گنا سے بھی زیادہ بڑھ گئی ہے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری نے تحریری جواب میں بتایا کہ اسیسمنٹ سال 2025-26 میں 576 افراد نے 100 کروڑ روپے یا اس سے زیادہ مجموعی آمدنی ظاہر کی، جبکہ 2021-22 میں یہ تعداد صرف 142 تھی۔ حکومت کے مطابق یہ تعداد 2022-23 میں 301، 2023-24 میں 284، 2024-25 میں 415 اور 2025-26 میں بڑھ کر 576 ہو گئی۔
وزیر نے واضح کیا کہ انکم ٹیکس ایکٹ 2025 یا سابقہ انکم ٹیکس ایکٹ 1961 میں "ارب پتی" (Billionaire) کی کوئی قانونی تعریف موجود نہیں ہے۔ حکومت صرف ان افراد کا ریکارڈ رکھتی ہے جنہوں نے اپنے انکم ٹیکس ریٹرن میں 100 کروڑ روپے یا اس سے زیادہ مجموعی آمدنی ظاہر کی ہو۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ویلتھ ٹیکس ایکٹ 1957 یکم اپریل 2016 سے ختم کیا جا چکا ہے، اس لیے حکومت ٹیکس دہندگان کی مجموعی دولت کا کوئی ریکارڈ نہیں رکھتی۔
حکومت نے یہ بھی کہا کہ ملک میں معاشی شمولیت کے اشاریے بہتر ہوئے ہیں۔ ہاؤس ہولڈ کنزمپشن ایکسپنڈیچر سروے 2023-24 کے مطابق دیہی علاقوں میں گنی کوایفیشنٹ 0.266 سے کم ہو کر 0.237 اور شہری علاقوں میں 0.314 سے کم ہو کر 0.284 رہ گیا، جو معاشی عدم مساوات میں کمی کی نشاندہی کرتا ہے۔
حکومت کے مطابق 15 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد میں بے روزگاری کی شرح 2022 کے 3.6 فیصد سے کم ہو کر 2025 میں 3.1 فیصد رہ گئی، جبکہ نیتی آیوگ کے مطابق گزشتہ دہائی میں کثیر جہتی غربت میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔ وزیر نے کہا کہ حکومت ترقی پسند انکم ٹیکس نظام، روزگار سے منسلک ٹیکس مراعات، اسٹارٹ اپس اور کوآپریٹو اداروں کی حوصلہ افزائی، نیز رہائش، صحت، مالی شمولیت، ہنر مندی اور دیہی روزگار سے متعلق فلاحی پروگراموں کے ذریعے جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دے رہی ہے۔