اب دہلی دھماکے کی تحقیقات این آئی اے کرے گی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-11-2025
اب دہلی دھماکے کی تحقیقات این آئی اے  کرے گی
اب دہلی دھماکے کی تحقیقات این آئی اے کرے گی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
مرکزی وزارتِ داخلہ (ایم ایچ اے) نے لال قلعے کے قریب ہونے والے دھماکے کی تحقیقات نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کے حوالے کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق، اس فیصلے سے واضح ہو گیا ہے کہ حکومت اس واقعے کو دہشت گردانہ حملہ مان رہی ہے، کیونکہ این آئی اے کو صرف دہشت گردی سے متعلق معاملات کی ہی تفتیش کا اختیار حاصل ہے۔ اس دھماکے میں اب تک 12 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ایک سرکاری ذریعے نے بتایا کہ دھماکے کے واقعے کی مکمل تحقیقات اب این آئی اے کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ اس سے چند گھنٹے قبل مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے قومی دارالحکومت اور ملک کے دیگر حصوں میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے منگل کی شام ایک اور سکیورٹی میٹنگ بھی طلب کی ہے۔ وزیرِ داخلہ نے کہا کہ اعلیٰ تحقیقاتی ایجنسیاں معاملے کی گہرائی سے جانچ کر رہی ہیں اور واقعے کے ہر پہلو کا پتہ لگایا جائے گا۔
حکام کے مطابق، یہ دھماکہ پیر کی شام لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک ٹریفک سگنل پر ایک سست رفتار کار میں ہوا۔ اس میں کم از کم 12 افراد جاں بحق ہوئے اور کئی گاڑیاں جل کر راکھ ہو گئیں۔
اب این آئی اے اس دھماکے کے اصل ملزموں اور ان کے نیٹ ورک کا سراغ لگانے میں مصروف ہے۔