مودی حکومت کی خارجہ پالیسی 'انڈیا فرسٹ' نہیں 'پی آر فرسٹ' ہے: کانگریس

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 20-06-2026
مودی حکومت کی خارجہ پالیسی 'انڈیا فرسٹ' نہیں 'پی آر فرسٹ' ہے: کانگریس
مودی حکومت کی خارجہ پالیسی 'انڈیا فرسٹ' نہیں 'پی آر فرسٹ' ہے: کانگریس

 



نئی دہلی
کانگریس نے ہفتہ کے روز دعویٰ کیا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات میں ہندوستانی ملاحوں کی ہلاکت کا معاملہ نہیں اٹھایا اور نہ ہی معافی کا مطالبہ کیا، کیونکہ اُن کی حکومت کی خارجہ پالیسی "ہندوستان فرسٹ" کے بجائے "پی آر فرسٹ" ہے۔
پارٹی کے میڈیا شعبے کے سربراہ پون کھیڑا نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر کو واضح بیان دینا چاہیے کہ امریکی حملے میں مارے گئے تین ہندوستانی ملاحوں کے معاملے میں وزیرِ اعظم مودی نے امریکی صدر کے سامنے دراصل کیا بات رکھی تھی؟
کھیڑا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں میں مودی حکومت کی خارجہ پالیسی ہندوستان فرسٹ کے بجائے تباہ کن حد تک پی آر فرسٹ رہی ہے۔ تزویراتی اہمیت کے معاملات میں امریکہ کو خوش کرنے کے لیے خودمختاری پر سمجھوتہ کرنا، قومی مفادات کو داؤ پر لگانا اور حد سے زیادہ جھک جانا ہی وزیرِ اعظم مودی کی خارجہ پالیسی کا خلاصہ ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیرِ اعظم مودی کو ٹرمپ کی جانب سے بار بار نظر انداز کیا جانا صرف اُن کی ذاتی توہین نہیں بلکہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کے لیے بھی شرمندگی کا باعث ہے۔
کھیڑا نے الزام لگایا کہ وزیرِ اعظم مودی نے اپنے قریبی دوست ڈونلڈ ٹرمپ کی مرضی کے آگے ہمارے عظیم ملک کی بنیادی وقار کو قربان کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تلخ حقیقت یہ ہے کہ خلیجِ عمان میں امریکی فضائی حملے میں تین ہندوستانی ملاح مارے گئے، لیکن وزیرِ اعظم مودی اور اُن کی حکومت نے نہ تو ٹرمپ انتظامیہ سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا اور نہ ہی افسوس کے اظہار کی کوئی سنجیدہ کوشش کی۔ اس کے برعکس، مرکزی وزراء، آئی ٹی سیل اور بی جے پی کے حامی میڈیا گروپوں نے مودی جی کی ایک تصویر پھیلائی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے امریکی صدر کے سامنے ملاحوں کا مسئلہ اٹھایا تھا۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ صدر ٹرمپ نے نہ کوئی افسوس ظاہر کیا، نہ پشیمانی کا اظہار کیا، نہ معافی مانگی اور نہ ہی کوئی ہمدردانہ بیان دیا، بلکہ انہوں نے کہا کہ ایسی باتیں تو ہمیشہ ہوتی رہی ہیں۔
کھیڑا نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ مودی جی کے قریبی دوست جو بھی کہتے ہیں، وہ وہی کرتے ہیں، جس سے ہندوستان کی ساکھ کو نقصان پہنچتا ہے۔ ٹرمپ کی جانب سے وزیرِ اعظم کی تعریف بے معنی ہے۔ مودی جی کی خاموشی ہی اصل حقیقت کو ظاہر کرتی ہے۔