نئی دہلی/ آواز دی وائس
قومی دارالحکومت میں ہفتہ کے روز کم از کم درجۂ حرارت 8.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اس موسم کے اوسط درجۂ حرارت سے 1.2 ڈگری زیادہ ہے۔ یہ جانکاری ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے دی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق، 3 سے 6 جنوری کے درمیان شہر کے کچھ حصوں میں سرد لہر چلنے کا امکان ہے۔ جب کم از کم درجۂ حرارت اوسط درجۂ حرارت سے 4.5 ڈگری سیلسیس سے 6.5 ڈگری سیلسیس تک کم ہو جاتا ہے تو سرد لہر کا اعلان کیا جاتا ہے۔ آئی ایم ڈی کے اعداد و شمار کے مطابق، صفدرجنگ میں کم از کم درجۂ حرارت 8.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ پالم میں کم از کم درجۂ حرارت 7.9 ڈگری سیلسیس رہا، جو معمول سے 0.9 ڈگری زیادہ ہے۔ اسی طرح لودھی روڈ پر درجۂ حرارت معمول سے دو ڈگری زیادہ یعنی 8 ڈگری سیلسیس، رج علاقے میں درجۂ حرارت معمول سے 1.3 ڈگری زیادہ یعنی 9 ڈگری سیلسیس اور آیانگر میں کم از کم درجۂ حرارت 6.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 0.1 ڈگری کم ہے۔
صبح نو بجے ہوا میں نسبتی نمی 95 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے اعداد و شمار کے مطابق، دہلی کا فضائی معیار اشاریہ (اے کیو آئی) صبح نو بجے 240 ریکارڈ کیا گیا، جو ’خراب‘ زمرے میں آتا ہے۔ اے کیو آئی کو صفر سے 50 کے درمیان ’اچھا‘، 51 سے 100 کے درمیان ’اطمینان بخش‘، 101 سے 200 کے درمیان ’درمیانہ‘، 201 سے 300 کے درمیان ’خراب‘، 301 سے 400 کے درمیان ’بہت خراب‘ اور 401 سے 500 کے درمیان ’انتہائی سنگین‘ مانا جاتا ہے۔