نئی دہلی
کانگریس کے جنرل سیکرٹری سچن پائلٹ نے کیرالہ میں پارٹی کی قیادت والے اتحاد یو ڈی ایف کی جیت کو "تاریخی" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے امیدوار کے انتخاب میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا کیونکہ پارٹی قیادت تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی اور وہ سب کے لیے قابلِ قبول ہوگا۔کیرالہ اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس کے سینئر مبصر سچن پائلٹ نے کہا کہ پارٹی کی یہ شاندار کامیابی سیاسی منظرنامے کو نئی سمت دے گی۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ وزیراعلیٰ کا امیدوار کون ہوگا تو انہوں نے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے انتخابات سے پہلے یہ عہد کیا تھا کہ جب ہمیں عوامی مینڈیٹ مل جائے گا تو تمام منتخب ارکانِ اسمبلی قیادت، تمام متعلقہ فریقوں، سینئر رہنماؤں اور اپنے اتحادیوں کے ساتھ بیٹھیں گے۔ ہم سب کو اعتماد میں لیں گے۔ مشاورت اور عوامی رائے کے بعد ملکارجن کھڑگے جی، راہل گاندھی جی اور دیگر سینئر رہنما فیصلہ کریں گے کہ کس کو کیا ذمہ داری دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہی طریقہ کار تمام ریاستوں میں پارٹی کی روایت ہے اور کیرالہ میں بھی اسی پر عمل کیا جائے گا۔کانگریس جنرل سیکرٹری نے کہا کہ پارٹی قیادت جو بھی فیصلہ کرے گی وہ کیرالہ کے ہر کانگریس کارکن کو قبول ہوگا۔
انہوں نے اس جیت کو "تاریخی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیرالہ کے عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ "کارکنوں اور رہنماؤں کی محنت، کھڑگے جی، راہل جی اور پرینکا جی کی کوششیں کامیاب ہوئیں۔"