گجرات پولیس نے 'آپریشن چائلڈ فریڈم' کے تحت 84 بچے مزدوروں کو بچایا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 16-06-2026
گجرات پولیس نے 'آپریشن چائلڈ فریڈم' کے تحت  84 بچے مزدوروں کو بچایا
گجرات پولیس نے 'آپریشن چائلڈ فریڈم' کے تحت 84 بچے مزدوروں کو بچایا

 



گاندھی نگر 
بچوں سے مزدوری کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے گجرات پولیس نے "آپریشن چائلڈہُڈ فریڈم" کے نام سے چلائی جانے والی ایک ماہ طویل ریاست گیر مہم کے پہلے 14 دنوں میں 84 بچوں کو استحصالی مزدوری کے حالات سے نجات دلائی ہے، جبکہ 26 ملزمان کے خلاف 16 فوجداری مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق، نائب وزیر اعلیٰ ہرش سنگھوی کی قیادت میں گجرات پولیس نے یہ مہم اس مقصد کے تحت شروع کی ہے کہ "ہر بچہ اسکول میں ہو، کوئی بچہ مزدوری پر نہ ہو۔" اس مہم کے تحت صنعتی علاقوں، تجارتی اداروں اور غیر رسمی مزدوری کے مراکز میں کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، جہاں بچوں کو مزدوری کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کام کرتے پایا گیا۔
اسی سلسلے میں سورت شہر کی کامریج پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر جے امبے ٹیکسٹائلز نامی ٹیکسٹائل یونٹ پر چھاپہ مارا اور دو کم عمر لڑکوں کو بازیاب کرایا، جنہیں مبینہ طور پر استحصالی حالات میں کام کرنے پر مجبور کیا جا رہا تھا۔ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ان بچوں کو روزانہ صرف 200 روپے دیے جا رہے تھے، جو قانونی اور اخلاقی مزدوری کے معیارات سے کہیں کم ہیں۔ پولیس نے یہ بھی پایا کہ جب بچوں نے کام جاری رکھنے سے انکار کیا تو انہیں زبردستی دوبارہ کام پر واپس آنے پر مجبور کیا گیا۔
حکام کے مطابق بچوں سے صبح 8 بجے سے شام 7 بجے تک کام لیا جاتا تھا اور انہیں صرف ایک گھنٹے کا وقفہ دیا جاتا تھا۔ اس دوران وہ طویل عرصے تک جسمانی، ذہنی اور معاشی استحصال کا شکار رہے۔بازیاب کیے گئے بچوں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، جبکہ مالک کے خلاف ہندوستانی نیائے سنہتا (بی این ایس)، چائلڈ لیبر (پروہیبیشن اینڈ ریگولیشن) ایکٹ اور جووینائل جسٹس (بچوں کی نگہداشت و تحفظ) ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) جی ایس ملک نے کہا کہ یہ آپریشن صرف قانون نافذ کرنے تک محدود نہیں بلکہ بچوں کی بحالی اور ان کی طویل مدتی فلاح و بہبود پر بھی توجہ دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن چائلڈہُڈ فریڈم کے تحت پہلے 14 دنوں میں 84 کم سن مزدوروں کو بچایا گیا، 16 مقدمات درج کیے گئے اور 26 ملزمان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اس کے علاوہ 67 بچوں کی بحالی مکمل کی جا چکی ہے اور ریاست بھر میں 160 بیداری پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس مہم کا مقصد بچوں کو فوری طور پر استحصال سے نجات دلانے کے ساتھ ساتھ ایسے حالات کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے مؤثر نظام قائم کرنا بھی ہے۔سی آئی ڈی کرائم (ویمن سیل) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس اجے چودھری نے بتایا کہ ٹیکسٹائل یونٹس، ہوٹلوں، چاول کی ملوں اور متعدد چھوٹی صنعتوں میں بچوں سے مزدوری کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ بازیاب کرائے گئے کئی بچے بہار اور راجستھان سے آنے والے تارکینِ وطن خاندانوں سے تعلق رکھتے تھے، جس سے بین الریاستی نقل و حرکت اور ممکنہ انسانی اسمگلنگ کے خدشات بھی سامنے آتے ہیں۔
حکام کے مطابق اب یہ کارروائی صرف فیکٹری مالکان تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ان ٹھیکیداروں اور سپلائی نیٹ ورکس کے خلاف بھی کی جائے گی جو بچوں کو مزدوری کے لیے مختلف مقامات پر پہنچاتے ہیں۔
ایک افسر نے کہا کہ ہماری توجہ صرف بچوں کو بچانے پر نہیں بلکہ ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی پر بھی ہے۔ بچوں سے مزدوری کروانے والے مالکان، ٹھیکیداروں اور معاون افراد کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ابتدائی تحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ غربت، نقل مکانی، تعلیم کا ادھورا رہ جانا اور سستی مزدوری کی طلب بچوں سے مزدوری کی بنیادی وجوہات ہیں۔
حکام اب خفیہ معلومات کی بنیاد پر تحقیقات، اچانک چھاپوں اور محکمہ محنت، چائلڈ ویلفیئر کمیٹیوں، غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) اور تعلیمی اداروں کے ساتھ بہتر رابطے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔
اجے چودھری نے بتایا کہ اس مہم کو چار مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں بچوں سے مزدوری کے حساس علاقوں کی نشاندہی اور اسکول چھوڑنے والے بچوں کا سراغ لگایا جائے گا۔
دوسرے مرحلے میں تحقیقات اور ریسکیو آپریشن انجام دیے جائیں گے۔تیسرے مرحلے میں بازیاب بچوں کی بحالی اور اسکولوں میں داخلے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔آخری مرحلے میں بچوں سے مزدوری کروانے والے افراد اور نیٹ ورکس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سینئر حکام کے مطابق آئندہ مراحل میں بار بار جرم کرنے والے نیٹ ورکس کا خاتمہ اور بازیاب بچوں کی مستقل بحالی کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اس مہم کے تحت گجرات پولیس کا ہدف 50 ہزار سے زائد مقامات کی جانچ، 10 ہزار خفیہ اطلاعات جمع کرنے اور 5 ہزار سے زیادہ کم سن مزدوروں کو بچانے کا ہے۔حکام نے تاجروں، صنعت کاروں اور فیکٹری مالکان میں بچوں سے مزدوری کے خلاف قوانین اور تعلیم کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی مہم بھی تیز کر دی ہے۔
ان کا واضح پیغام ہے کہ کسی بھی بچے کو مزدوری کی وجہ سے تعلیم حاصل کرنے کے حق سے محروم نہیں رکھا جانا چاہیے۔