نئی دہلی
حکومت واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی "یوزرنیم" سہولت کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس حوالے سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس فیچر کا استعمال دوسروں کی شناخت اختیار کرنے اور دھوکہ دہی کے لیے کیا جا سکتا ہے۔ اس معاملے سے واقف ذرائع نے یہ معلومات فراہم کی ہیں۔
میٹا کی ملکیت والے میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے حال ہی میں "یوزرنیم" فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ذرائع کے مطابق، حکومت اس فیچر سے جڑے ممکنہ خطرات کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ میٹا کی حالیہ پیش رفت نے مختلف سطحوں پر خدشات کو جنم دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس فیچر کے ذریعے صارفین ایسے یوزرنیم منتخب کر سکیں گے، جو حقیقی سرکاری اداروں یا دیگر تنظیموں کے ناموں سے مشابہت رکھتے ہوں۔ اس سے جعلسازی اور دھوکہ دہی کے امکانات بڑھ سکتے ہیں، جس کے عوامی سلامتی اور سماج پر منفی اثرات مرتب ہونے کا اندیشہ ہے۔
ذرائع نے واضح کیا کہ حکومت قومی سلامتی یا عوامی تحفظ کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔میٹا کی ملکیت والے میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ "یوزرنیم" نامی ایک نئی سہولت متعارف کرانے جا رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنا فون نمبر ظاہر کیے بغیر ایک دوسرے سے گفتگو یا چیٹ کر سکیں گے۔کمپنی اس یوزرنیم فیچر کو رواں سال کے اختتام تک باضابطہ طور پر متعارف کرائے گی، تاہم اس نے صارفین کے لیے یوزرنیم محفوظ (ریزرو) کرنے کی سہولت کا آغاز کر دیا ہے۔
واٹس ایپ نے اپنے ایک بلاگ میں کہا کہ اس ہفتے سے، آپ اپنا یوزرنیم محفوظ کر سکتے ہیں، تاکہ جب ہم رواں سال کے آخر میں یہ فیچر متعارف کرائیں، تو آپ فوری طور پر اس کا استعمال کر سکیں۔
میسجنگ پلیٹ فارم کے مطابق، اس اقدام کا مقصد صارفین کی رازداری کو مزید مضبوط بنانا ہے، تاکہ خاص طور پر گروپ چیٹس یا نئے افراد سے رابطہ کرتے وقت فون نمبر شیئر کرنے کی ضرورت ختم ہو جائے۔