ای ڈی، آئی ٹی اور سی بی آئی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے: پرینک کھرگے
بنگلورو
کرناٹک کے وزیر پریانک کھرگے نے بدھ کے روز الزام لگایا کہ مرکزی حکومت انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)، انکم ٹیکس محکمہ اور سنٹرل بیورو آف انویسٹیگیشن (سی بی آئی) کا استعمال ’’سیاسی مقاصد‘‘ کے لیے کر رہی ہے۔پریانک کھرگے نے کرناٹک میں بعض عہدیداروں کے یہاں چھاپوں کی خبروں پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران ہزاروں تلاشی کارروائیوں کے باوجود ای ڈی کی جانب سے درج مقدمات میں سزا کی شرح انتہائی کم رہی ہے، جس سے سیاسی محرکات کے شبہات مزید مضبوط ہوتے ہیں۔انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں میں پورے ہندوستان میں ہزاروں مرتبہ چھاپے مارے گئے، لیکن سزا کی شرح دو فیصد سے بھی کم ہے۔ اس سے کیا ظاہر ہوتا ہے؟ کیا اب بھی یہ کہا جا سکتا ہے کہ یہ کارروائیاں سیاسی بنیادوں پر نہیں کی جا رہیں؟
پریانک کھرگے نے الزام عائد کیا کہ انکم ٹیکس محکمہ، ای ڈی اور سی بی آئی مرکزی حکومت کے ’’ہتھیار‘‘ بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے بار بار یہ کہنا کہ مرکزی ایجنسیاں کانگریس رہنماؤں کو نشانہ بنا سکتی ہیں، اس تاثر کو مزید تقویت دیتا ہے کہ ایسی تحقیقات سیاسی محرکات کے تحت کی جا رہی ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے تو وزیر نے جواب دیا کہ یہ ’’بالکل ممکن‘‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہونا ہے تو کبھی نہ کبھی ہوگا ہی۔ کیا بی جے پی رہنماؤں نے دھمکیاں نہیں دی ہیں؟ موجودہ بی جے پی ارکانِ پارلیمنٹ اور ارکانِ اسمبلی ایسی باتیں کر رہے ہیں، سوشل میڈیا پر پوسٹ کر رہے ہیں اور ہمیں فون کرکے بھی یہی کہتے ہیں۔ اس میں نئی بات کیا ہے؟
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت کے مجوزہ بنگلورو دورے سے متعلق سوال پر وزیر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ شاید وہ ضروری دستاویزات جمع کرانے کے لیے شہر آ رہے ہوں۔واضح رہے کہ پریانک کھرگے گزشتہ ایک ماہ سے آر ایس ایس پر تنقید کرتے ہوئے تنظیم سے اس کی رجسٹریشن اور مالی لین دین سے متعلق معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
آر ایس ایس سربراہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ موہن بھاگوت بنگلورو آ رہے ہیں۔ مجھے نہیں معلوم کہ وہ متعلقہ دستاویزات بھی اپنے ساتھ لا رہے ہیں یا نہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ آر ایس ایس کے خلاف قانونی جنگ کی تیاری کر رہے ہیں، تو وزیر نے کہا کہ وہ صرف اپنے اٹھائے گئے سوالات کے جواب چاہتے ہیں۔