نئی دہلی
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کوچین منرلز اینڈ روٹائل لمیٹڈ (سی ایم آر ایل) سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ معاملے میں کیرالہ کے سابق وزیر اعلیٰ پنارائی وجین کی بیٹی کے خلاف جاری تحقیقات کے سلسلے میں وجین اور دیگر افراد کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے ہیں۔ حکام نے یہ معلومات دی ہیں۔
حکام کے مطابق ریاست بھر میں مجموعی طور پر 10 مقامات پر تلاشی کی کارروائی کی جا رہی ہے، جن میں ریاستی دارالحکومت ترواننت پورم میں 81 سالہ سابق وزیر اعلیٰ کا کرائے کا مکان، کنّور میں ایک مقام اور نجی کمپنی کوچین منرلز اینڈ روٹائل لمیٹڈ (سی ایم آر ایل) سے وابستہ اہم شخصیات کی رہائش گاہیں شامل ہیں۔
یہ کارروائی انسدادِ منی لانڈرنگ قانون (پی ایم ایل اے) کی دفعات کے تحت کی جا رہی ہے۔
حکام نے بتایا کہ پنارائی وجین کے گھر کی تلاشی اس لیے لی گئی کیونکہ تحقیقات میں ان کی بیٹی ٹی وینا بھی شامل ہیں۔الزام ہے کہ نجی کمپنی سی ایم آر ایل نے 2018 سے 2019 کے درمیان پنارائی وجین کی بیٹی ٹی وینا کی کمپنی ایگزالوجک سلوشنز کو 1.72 کروڑ روپے کی غیر قانونی ادائیگی کی، حالانکہ اس آئی ٹی کمپنی نے سی ایم آر ایل کو کوئی خدمات فراہم نہیں کی تھیں۔
منگل کے روز کیرالہ ہائی کورٹ نے سی ایم آر ایل کی اس درخواست کو مسترد کر دیا تھا، جس میں ای ڈی کی کارروائی کو منسوخ کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ای ڈی نے ان الزامات کی تحقیقات کے لیے 2024 میں پی ایم ایل اے کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
دوسری جانب پنارائی وجین پہلے بھی اپنی بیٹی پر عائد الزامات کو مسترد کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ الزامات ان کی شبیہ کو نقصان پہنچانے اور انہیں بدنام کرنے کی نیت سے لگائے گئے ہیں۔