نئی دہلی
دہلی حکومت آئندہ اتوار کو قومی دارالحکومت کے 97 امتحانی مراکز پر منعقد ہونے والے میڈیکل کالج داخلہ امتحان نیٹ کے دوران امیدواروں کے والدین اور اہلِ خانہ کے لیے مراکز کے باہر خصوصی "کولنگ زون" قائم کرے گی۔ طلبہ کے ساتھ آنے والے والدین امتحان کے دوران شدید گرمی میں کھلے آسمان تلے انتظار کرنے کے بجائے ان کولنگ زونز میں آرام سے بیٹھ سکیں گے۔ وزیرِ اعلیٰ کے دفتر نے جمعرات کو ایک بیان میں یہ معلومات دی ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا نے بتایا کہ دہلی میں نیشنل ایلیجیبلٹی کم انٹرنس ٹیسٹ کے لیے مجموعی طور پر 97 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 69 سرکاری اسکولوں اور 28 کندریہ ودیالیہ میں واقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان امتحانی مراکز کے اطراف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خصوصی کولنگ زونز قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں طلبہ کے والدین اور دیگر اہلِ خانہ کے بیٹھنے، آرام کرنے اور گرمی سے بچاؤ کے مناسب انتظامات موجود ہوں گے۔
ریکھا گپتا کے مطابق ان کولنگ زونز میں بیٹھنے کی سہولت، صاف پینے کا پانی، شِکنجی، او آر ایس، چائے اور ابتدائی طبی امداد جیسی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ والدین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ امتحان کے دوران امیدوار تو مراکز کے اندر موجود ہوتے ہیں، لیکن والدین کو کئی گھنٹوں تک باہر انتظار کرنا پڑتا ہے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ وہ دھوپ اور گرمی سے بچنے کے لیے کبھی کسی درخت کا سایہ تلاش کرتے ہیں، کبھی پارک میں وقت گزارتے ہیں اور کبھی آس پاس کے بازاروں میں ادھر اُدھر گھومتے رہتے ہیں۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے امتحانی مراکز کے باہر کولنگ زون قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ 3 مئی کو منعقد ہونے والا میڈیکل داخلہ امتحان نیٹ بے ضابطگیوں کے الزامات کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا۔ اب یہ امتحان 21 جون کو دوبارہ منعقد کیا جائے گا۔