وزیر دفاع نے پاکستان کو بین الاقوامی دہشت گردی کا مرکز قرار دیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-04-2026
وزیر دفاع نے پاکستان کو بین الاقوامی دہشت گردی کا مرکز قرار دیا
وزیر دفاع نے پاکستان کو بین الاقوامی دہشت گردی کا مرکز قرار دیا

 



نئی دہلی
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو زور دے کر کہا کہ ہندوستان نے اپنی مرضی اور اپنی شرائط پر ’آپریشن سندور‘ کو روکا تھا اور وہ پاکستان کے خلاف ایک طویل جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار تھا۔ اے این آئی نیشنل سیکیورٹی سمٹ 2.0 سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے پاکستان کو “بین الاقوامی دہشت گردی کا مرکز” قرار دیا اور دہشت گردی کی نظریاتی اور سیاسی جڑوں کو مکمل طور پر ختم کرنے کی اپیل کی۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے وزیر دفاع نے ان کی “زیرو ٹالرنس پالیسی” (دہشت گردی کے تئیں کسی بھی قسم کی نرمی نہ برتنے کی پالیسی) کو سراہا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان پاکستان کی جانب سے دی گئی جوہری حملے کی “دھمکی” یا “دھوکے” میں ہرگز نہیں آیا۔
گزشتہ سال پہلگام میں ہونے والے مہلک دہشت گردانہ حملے کے جواب میں چلائے گئے ’آپریشن سیندور‘ کا ذکر کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ آپریشن سیندور کو اب تقریباً ایک سال مکمل ہونے والا ہے، اور یہ نئی عالمی ترتیب کی ایک علامت بھی ہے۔ یہ ایک فیصلہ کن موڑ تھا جس نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہندوستان اب وہ پرانا ہندوستان نہیں رہا، جو صرف سفارتی بیانات تک محدود رہتا تھا۔ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہماری حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ کسی بھی حالت میں دہشت گردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد سے ہندوستانی مسلح افواج نے اپنی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا ہے اور کسی بھی اچانک صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور کے دوران ہم نے انتہائی درست نشانہ لگاتے ہوئے انہی عناصر کو نشانہ بنایا جنہوں نے ہم پر حملہ کیا تھا۔ میں ایک بار پھر واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہم نے یہ آپریشن اپنی کمزوری کی وجہ سے نہیں روکا تھا، بلکہ اپنی مرضی اور اپنی شرائط پر روکا تھا۔ اگر ضرورت پڑتی تو ہم طویل جنگ کے لیے بھی تیار تھے۔ ہمارے پاس ‘سرج کیپیسٹی’ (اچانک ضرورت کے وقت اپنی صلاحیتوں کو تیزی سے بڑھانے کی طاقت) بھی موجود تھی، اور یہ آج بھی پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔
پاکستان پر سخت تنقید کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے دہشت گردی کے تین اہم پہلوؤں—عملی، نظریاتی اور سیاسی—کا ذکر کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ پڑوسی ملک میں دہشت گردی کو ملنے والا سیاسی تحفظ ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی صرف ایک قوم مخالف سرگرمی نہیں بلکہ اس کے کئی پہلو ہیں، اور اس سے نمٹنے کے لیے ان تینوں پہلوؤں پر کام کرنا ہوگا۔ دہشت گردی کی اصل جڑ اس کی نظریاتی اور سیاسی بنیادیں ہیں، جہاں یہ پروان چڑھتی ہے۔ دہشت گردی کو ملنے والا نظریاتی اور سیاسی سہارا راون کی ناف میں موجود امرت کی طرح ہے، جسے ختم کرنا بے حد ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ دیکھا ہے کہ پاکستان جیسے ممالک دہشت گردی کی حمایت کرتے رہے ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک کو ایک ہی وقت میں آزادی ملی، لیکن آج ہندوستان اپنی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے لیے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے، جبکہ پاکستان کو انٹرنیشنل ٹیررازم کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔ ہمارے ملٹری-انڈسٹریل کمپلیکس نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ امن کے ساتھ ساتھ جنگ کے وقت بھی فوری سپلائی دینے کے لیے تیار ہے۔ ہمیں جوہری حملے کی دھمکی بھی دی گئی تھی، لیکن ہم اس میں نہیں آئے۔
جب پہلگام حملے میں جان گنوانے والے 26 افراد پر ملک سوگ منا رہا تھا، اس کے بعد ہندوستانی فوج نے ’آپریشن سندور‘ کے تحت فیصلہ کن کارروائی کی۔ ہندوستانی فوج نے پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر  میں موجود دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
7 مئی 2025 کو شروع کیے گئے ’آپریشن سندور‘ میں ہندوستان نے پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں موجود نو بڑے دہشت گرد لانچ پیڈز کو تباہ کیا، جن میں لشکر طیبہ، جیش محمد اور حزب المجاہدین کے ٹھکانے شامل تھے۔ اس کارروائی میں 100 سے زائد دہشت گرد مارے گئے۔
پاکستان نے ڈرون حملوں اور گولہ باری کے ذریعے جواب دیا، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان چار دن تک کشیدگی جاری رہی۔ ہندوستان نے مؤثر دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی اور لاہور میں موجود ریڈار تنصیبات کے ساتھ ساتھ گوجرانوالہ کے قریب واقع ریڈار سہولیات کو بھی تباہ کر دیا۔
بھاری نقصان کے بعد پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز نے ہندوستانی ڈی جی ایم او سے رابطہ کیا، جس کے بعد 10 مئی کو دونوں فریقوں کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا۔