اپنی چوتھی بیوی کو 30,000 روپے ماہانہ بطور کفالت ادا کریں: عدالت کی ایم پی کو ہدایت

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 16-10-2025
اپنی چوتھی بیوی کو 30,000 روپے ماہانہ بطور کفالت ادا کریں: عدالت کی ایم پی کو ہدایت
اپنی چوتھی بیوی کو 30,000 روپے ماہانہ بطور کفالت ادا کریں: عدالت کی ایم پی کو ہدایت

 



پریاگ راج/ آواز دی وائس
الہ آباد ہائی کورٹ نے رامپور سے سماجوادی پارٹی کے رکنِ پارلیمنٹ محبّ اللہ ندوی کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی چوتھی بیوی کو ماہانہ خرچ باقاعدگی سے ادا کریں، بصورتِ دیگر قانونی نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہیں۔ اسی کے ساتھ، جسٹس سُبہاش چندر شرما نے اس معاملے کو ہائی کورٹ کے مصالحتی مرکز کے سپرد کیا ہے تاکہ ازدواجی تنازع کے حل کی کوئی راہ نکالی جا سکے۔
عدالت نے دونوں فریقین کو تین ماہ کی مہلت دی ہے تاکہ وہ کسی باہمی سمجھوتے پر پہنچ سکیں۔ عدالت نے ندوی کو 55,000 روپے جمع کرانے کا حکم دیا ہے، جس میں سے 30,000 روپے ماہانہ ان کی بیوی کو خرچ کی مد میں دیے جائیں گے۔ ندوی نے یہ عرضی اُس حکم کے خلاف دائر کی تھی جو یکم اپریل 2024 کو آگرہ کی فیملی کورٹ کے ایڈیشنل پرنسپل جج نے جاری کیا تھا۔
ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران، ایم پی کے وکیل نے کہا کہ یہ معاملہ ازدواجی تنازع سے متعلق ہے اور ندوی اس کو باہمی رضامندی سے حل کرنے کے خواہشمند ہیں۔عدالت نے وکیل کے دلائل کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ اور فریقین کی پیش کردہ باتوں کی بنیاد پر عدالت مطمئن ہے کہ یہ تنازع ایسا ہے جس میں صلح و مصالحت کے ذریعے حل کی گنجائش موجود ہے، لہٰذا اس امکان کو تلاش کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔
تاہم، عدالت نے اپنے 11 ستمبر کے حکم میں متنبہ کیا کہ اگر ندوی مقررہ رقم جمع نہیں کرتے، یا موجودہ خرچ کی ادائیگی میں ناکام رہتے ہیں، یا مصالحتی عمل ناکام ہو جاتا ہے، تو عبوری حکم خود بخود ختم ہو جائے گا۔