نئی دہلی
عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے قومی اہلیت و داخلہ امتحان برائے انڈرگریجویٹ (نیٹ -یو جی ) 2026 کے دوبارہ امتحان سے قبل ’ٹیلیگرام‘ ایپ تک رسائی کو عارضی طور پر محدود کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کو بدھ کے روز ’’بے تکی‘‘ قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ حکومت کی سوالیہ پرچہ لیک ہونے سے روکنے کی کوئی نیت نہیں ہے۔
مرکزی حکومت نے نیٹ-یو جی 2026 کے دوبارہ امتحان سے قبل منگل کو ٹیلیگرام ایپ پر عارضی پابندی عائد کر دی تھی۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) کے مطابق یہ قدم نقل کروانے والے گروہوں اور غلط معلومات کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
این ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل ابھیشیک سنگھ نے کہا کہ 22 جون تک ٹیلیگرام پر پابندی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے لگائی گئی ہے کہ 21 جون کو ہونے والا دوبارہ امتحان بغیر کسی بے ضابطگی کے منعقد ہو۔
اروند کیجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کی سوالیہ پرچے لیک ہونے سے روکنے کی نیت ہی نہیں ہے، اسی لیے ایسے بے تکے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سوالیہ پرچوں کو فوجی طیاروں کے ذریعے منتقل کرنا اور ٹیلیگرام بند کرنا، کیا ان اقدامات سے پرچے لیک ہونا بند ہو جائیں گے؟ بالکل نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرچہ لیک کرنے کا کاروبار اربوں روپے کا ہے۔ اس کا پیسہ اوپر تک پہنچتا ہے۔ اگر پرچے لیک ہونا بند ہو جائیں تو پھر ارکانِ اسمبلی اور ارکانِ پارلیمنٹ خریدنے کے لیے پیسہ کہاں سے آئے گا؟حکومت نے ہدایت دی ہے کہ 22 جون تک ٹیلیگرام ایپ کو گوگل اور ایپل کے ایپ اسٹورز سے ہٹا دیا جائے۔
قومی امتحانی ایجنسی کی جانب سے منعقد کیا گیا نیٹ-یو جی امتحان 3 مئی کو ہوا تھا، تاہم بے ضابطگیوں کے الزامات کے بعد 12 مئی کو اسے منسوخ کر دیا گیا تھا۔